چھندواڑہ: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ مدھیہ پردیش میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل کل کانگریس کے مضبوط لیڈر اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ کے آبائی حلقہ چھندواڑہ کا دورہ کریں گے۔ پارٹی کے سینئر ترین لیڈروں میں سے ایک امت شاہ کے دورہ کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی کی تمام تیاریاں اب آخری مرحلے میں ہیں۔ بی جے پی ریاست میں آنے والے اسمبلی انتخابات سے قبل امت شاہ کے کانگریس کے اس مضبوط حلقے کے دورے کے سلسلے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہی ہے۔
امت شاہ یہاں ضلع بی جے پی کے کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کریں گے اور ریاستی بی جے پی یونٹ کے ذریعہ منعقدہ ایک میگا ریلی میں بھی حصہ لیں گے۔ اس قبائلی اکثریتی علاقے میں قبائلی برادری کے مذہبی رہنماؤں سے ملنے کے بعد وہ وہاں کھانا بھی کھائیں گے۔ پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک میں اگلے سال ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے پہلے بی جے پی کی پوری توجہ اب ان سیٹوں پر ہے جو پارٹی نے گزشتہ لوک سبھا انتخابات میں ہاری تھی۔ اس سلسلے میں سینئر لیڈروں نے یہاں پارٹی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی ذمہ داری اٹھائی ہے۔
اس تناظر میں مدھیہ پردیش کا چھندواڑہ بی جے پی کے لیے مرکز کے طور پر مانا جا سکتا ہے، کیونکہ یہاں نہ صرف لوک سبھا سیٹ، بلکہ یہاں کی تمام اسمبلی سیٹیں بھی اس وقت کانگریس کے کھاتے میں ہیں۔ چھندواڑہ ضلع میں سات اسمبلی حلقے ہیں۔ ان میں سے کمل ناتھ خود چھندواڑہ سے ایم ایل اے ہیں۔ یہاں جناردیو، امرواڑا، چورائی، سونسر، پاراسیا اور پنڈھونا بھی فی الحال کانگریس کے کنٹرول میں ہیں۔ اس قبائلی اکثریتی علاقے میں اسمبلی کی تین سیٹیں درج فہرست قبائل کے لیے اور ایک سیٹ درج فہرست ذاتوں کے لیے ریزروہے۔ دوسری طرف کمل ناتھ کے بیٹے نکل ناتھ چھندواڑہ پارلیمانی سیٹ سے ایم پی ہیں۔