اردو

urdu

ETV Bharat / bharat

Masjid Fatehpuri Renovation Work امانت اللہ خان نے شاہی مسجد فتحپوری کی تزئین کاری کا جائزہ لیا

اس موقع پر شاہی مسجد فتحپوری کے نائب امام مفتی محمد انس نے امانت اللہ خان کا استقبال کیا اور مسجد میں جاری کام کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔ مسجد کے شاہی امام مفتی محمد مکرم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی 375 سالہ تاریخ میں اتنے وسیع پیمانے پر تزئین و مرمت کا کام پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔ امانت اللہ خان کی ذاتی دلچسپی اور لگن سے اتنا بڑا کام انجام پا رہا ہے۔

امانت اللہ خان نے شاہی مسجد فتحپوری کی تزئین کاری کا جائزہ لیا
امانت اللہ خان نے شاہی مسجد فتحپوری کی تزئین کاری کا جائزہ لیا

By

Published : Mar 11, 2023, 3:51 PM IST

Updated : Mar 11, 2023, 4:17 PM IST

دہلی: دہلی وقف بورڈ کے چیئرمین امانت اللہ خان نے شاہی مسجد فتحپوری کی مرمت وتزئین کاری کے کام کا جائزہ لینے پہنچے۔ یہ کام گذشتہ 10 ماہ سے جاری ہے۔ امانت اللہ خان خود مسجد کے مینار پر چڑھے اور وہاں موجود تعمیراتی مزدوروں سے کام کی باریکی کو سمجھا اور انہیں ہدایات دیں۔ اس دوران نائب امام مفتی محمد انس نے امانت اللہ خان کا استقبال کیا اور مسجد میں جاری کام کی تفصیلات سے انہیں آگاہ کیا۔

مسجد کے شاہی امام مفتی محمد مکرم نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسجد کی 375 سالہ تاریخ میں اتنے وسیع پیمانے پر تزئین و مرمت کا کام پہلی مرتبہ ہورہا ہے۔ شاہی امام نے کہا کہ وہ مسجد کی خستہ حالی کی طرف مسلسل ذمہ داروں اور حکومت کو مکتوب لکھ لکھ کر توجہ مبذول کراتے رہے مگر کسی نے اس طرف توجہ نہیں دی جبکہ مسجد میں جگہ جگہ سے پتھر اپنی جگہ چھوڑ رہے تھے اور یہاں وہاں سے گر رہے تھے۔ انہوں نے آگے کہا کہ کئی مرتبہ بڑے بڑے پتھر مسجد کے دروازے اور دیواروں سے گر چکے ہیں۔

امانت اللہ خان نے شاہی مسجد فتحپوری کی تزئین کاری کا جائزہ لیا

اس موقع پر نمازی بھی وہاں جمع ہوگئے اور مسجد کی مرمت و تزئین کاری پر خوشی کا اظہار کیا۔ شاہی امام نے کہا کہ یہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ چیئرمین دہلی وقف بورڈ امانت اللہ خان کی ذاتی دلچسپی اور لگن سے یہ اتنا بڑا کام انجام پا رہا ہے، جس کے لیے ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ دراصل شاہی مسجد فتحپوری ایک تاریخی مسجد ہے جسے سنہ 1650 میں شاہجہاں کی بیوی فتحپوری بیگم نے تعمیر کرایا تھا۔ اس مسجد کا طرز تعمیر شاہی جامع مسجد دہلی سے ملتا جلتا ہے۔ لیکن اپنی قدامت اور خستہ حالی کی وجہ سے کچھ عرصہ سے مسجد کی دیواروں اور میناروں پر لگے بڑے بڑے پتھر چونا چھوڑ کر نیچے گر رہے تھے اور مسجد خستہ حالی کا شکار تھی۔

چیئرمین دہلی وقف بورڈ امانت اللہ خان کے علم میں جب مسجد میں ایک استقبالیہ پروگرام کے دوران یہ بات لائی گئی تو انہوں نے اسی وقت یہ وعدہ کیا تھا کہ وہ مسجد کی مرمت اور تعمیراتی کام ضرور کرائیں گے۔ امانت اللہ خان نے اپنے اسی وعدہ کی تکمیل کرتے ہوئے تقریبا 10 ماہ قبل مسجد میں تعمیر و تزئین کے کام کی شروعات کی تھی، جس کے تحت شمالی جانب کا کام مکمل ہوچکا ہے اور اب مسجد کے جنوبی جانب کی مینار اور دیواروں پر کام جاری ہے۔ اس کام کے لئے راجستھان سے ماہرین کی ایک ٹیم کی مدد لی گئی ہے جنہیں مساجد کے تعمیراتی کام کا کافی تجربہ ہے اور محمد سلیم کی دیکھ ریکھ میں خستہ حالی کا شکار ہو چکے پتھروں کی جگہ نئے تراشے ہوئے پتھروں کو مہارت کے ساتھ اسی مقام پر فٹ کر رہے ہیں، ساتھ ہی پتھروں کے درمیان درازوں کے خلا کو بھی پُر کرنے کا کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر امانت اللہ خان نے بتایا کہ اس کام میں کروڑوں روپے کا خرچ آئے گا جس کا سارا خرچ وقف بورڈ برداشت کرے گی۔ انہوں نے آگے کہا کہ مسجد میں جاری تعمیراتی اور تزئین کے کام کو انشاء اللہ مرحلہ وار طریقہ سے مکمل کرایا جائے گا۔ خواہ اس میں کتنا ہی صرفہ درکار ہو۔اس دوران امانت اللہ خان کے ساتھ موجود وقف بورڈ کے سیکشن آفیسر حافظ محفوظ محمد نے بتایا کہ مسجد فتحپوری میں اس سے قبل وضو خانہ کی تعمیر اور تجدید کاری کا کام مکمل ہوچکا ہے، جو نہایت خستہ حالت میں تھا جسے ازسر نو تعمیر کرایا گیا اور اب پوری مسجد فتحپوری کی تزئین و مرمت کا کام مرحلہ وار طریقہ سے گزشتہ 10 ماہ سے جاری ہے۔ انہوں نے آگے بتایا کہ اس دوران مسجد کی بجلی کی ساری وائرنگ نئی ڈالی گئی ہے اور مسجد کے تمام پرانے پنکھوں کو تبدیل کرکے نئے پنکھے لگائے جا رہے ہیں اور دہلی وقف بورڈ چیئرمین کی ہدایت و رہنمائی میں ترجیحی بنیاد پر اس کام کو مکمل کر لیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: ETV Bharat News Effect: ای ٹی وی بھارت کی خبر کا اثر، اے ایم یو کے تاریخی فوارہ کی تزئین کاری شروع

Last Updated : Mar 11, 2023, 4:17 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details