اپنی سیاسی جماعت آئی ایم سی کے سالانہ اجلاس اور یوم تاسیس کے موقع پر قومی صدر مولانا توقیر رضا خاں نے کہا کہ ملک میں مسلمانوں کے جو سیاسی، سماجی اور معاشی حالات ہیں، اس کے لیے تمام سیاسی جماعتیں ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک جیسی ہیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ بی جے پی سامنے سے دشمنی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔ وہ کُھل کر مسلمانوں کا نقصان کر رہی ہے۔ باقی دیگر سیاسی جماعتیں، مسلمانوں کی دوست بن کر یہی کام کرتی ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کہتی ہے کہ جب سے اتر پردیش میں بی جے پی، اقتدار میں آئی ہے، کوئی فرقہ وارانہ فساد نہیں ہوا ہے۔
مولانا نے کہا کہ جب فسادات کرنے اور کرانے والے اقتدار میں آ گئے تو پھر فساد کیسے ہو سکتا ہے۔ یہی لوگ ملک اور ریاستوں میں فرقہ وارانہ فسادات کرانے کے بعد ووٹوں کو فرقہ واریت کی بنیاد پر تقسیم کرکے حکومت سازی کا کام کرتے ہیں۔ پھر دلائل پیش کرتے ہیں کہ ہمارے دور اقتدار میں فساد نہیں ہوتے ہیں۔
مولانا نے آگے کہا کہ بریلی میں اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان فاضلے بریلوی کے سالانہ تین روزہ عرس رضوی کے موقع پر ہزاروں زائرین آتے ہیں۔ اس مرتبہ 103 واں عرسِ رضوی تھا۔ ان 103 برسوں میں کبھی ایسا نہیں ہوا کہ زائرین کو قابو کرنے کے لیے پولیس کو مشقت کرنی پڑی ہو۔