عالمی یونیورسٹیز کی اکیڈمک رینکنگ (اے آر ڈبلیو یو) جو شنگھائی رینکنگ کے نام سے مشہور ہے۔ نے دنیا بھر کے اعلیٰ تعلیمی اداروں کی اپنی تازہ ترین 2021 رینکنگ میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کو بھارت کے اعلیٰ یونیورسٹیز کے فہرست میں نمایاں مقام دیا ہے۔
ایک ہزار اعلی تعلیمی اداروں کی درجہ بندی میں بھارت کے صرف چودہ تعلیمی ادارے شامل ہیں۔ ان میں 6 یونیورسٹیز اور آٹھ خصوصی کورسز کے لئے مختص کردہ تعلیمی مراکز شامل ہیں۔
2003 میں شنگھائی رینکنگ کے بعد یہ دوسرا موقع ہے کہ اے ایم یو کو اس رینکنگ میں نمایاں مقام دیا گیا ہے۔
رواں برس صرف 14 بھارتی تعلیمی اداروں نے اس فہرست میں جگہ بنائی ہے اور 4 بھارتی تعلیمی ادارے جیسے علی گڑھ مسلم یونیورسٹی، انا یونیورسٹی، انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی روڑکی اور انڈین انسٹی ٹیوٹ آف سائنس ایجوکیشن اینڈ ریسرچ کو مشترکہ طور پر 11-14 درجہ دیا گیا ہے۔
علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس درجہ بندی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یونیورسٹی نے کووڈ وبا کے مشکل دور میں بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی ہمہ جہت ترقی کے لیے ٹھوس اقدام اٹھانا چاہیے اور اس کے لیے اے ایم یو سے وابستہ تمام افراد کو مثبت کردار ادا کرنا چاہیے۔