امپھال: منی پور میں دو قبائل کے درمیان تین مئی کو شروع ہونے والا تشدد کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بشنو پور ضلع کی سرحد سے متصل چورا چند پور ضلع کے توربنگ بازار علاقے میں مسلح شرپسندوں نے کم از کم 10 خالی مکانات اور ایک اسکول کو نذر آتش کر دیا۔ پولس نے پیر کو یہ جانکاری دی۔
منی پور پولیس کے مطابق، سینکڑوں خواتین کی قیادت میں ایک ہجوم نے ہفتے کی شام حملے کے دوران کئی راؤنڈ فائرنگ کی۔ یہ خواتین مبینہ طور پر انسانی ڈھال کے طور پر کام کر رہی تھیں۔ ایک مقامی شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی کو بتایا کہ خواتین کی زیرقیادت ہجوم نے توربنگ بازار میں چلڈرن ٹریژر ہائی اسکول کو آگ لگا دی۔
ہجوم نے بی ایس ایف کی گاڑی چھین لی
ایک مقامی شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی کو بتایا کہ جب ہم نے حملہ آوروں کو آتے دیکھا تو ہم سب گھبرا گئے اور جوابی کارروائی کرنے سے گریز کیا، کیونکہ ہجوم کی قیادت سینکڑوں خواتین کر رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ مشتعل ہجوم نے بی ایس ایف کی ایک گاڑی چھین لی اور ہمارے گھروں کو آگ لگا دی۔ پھر بی ایس ایف کو احساس ہوا کہ اس ہجوم کو روکنا چاہیے۔