سنبھل: اترپردیش حکومت میں ثانوی تعلیم کی ریاستی وزیر گلاب دیوی سے سخت سوالات پوچھنے پر صحافی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ ایک پروگرام کے بعد صحافی ریاستی وزیر سے ان کے ترقیاتی ماڈل پر کئی سخت سوالات کئے جس کا جواب دینا ان کے لئے مشکل ہوگیا تھا، جس کے بعد بھارتیہ جنتا پارٹی یووا مورچہ کے رہنما کی تحریر کی بنیاد پر پولیس نے صحافی کے خلاف مقدمہ درج کیا ہے۔ اسی دوران صحافی کا ویڈیو سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہا ہے۔ وہیں سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے اس معاملے کو لے کر ایک ٹویٹ کے ذریعے بی جے پی کو نشانہ بنایا ہے۔
یہ معاملہ چندوسی کوتوالی علاقہ کے بدھ نگر کھنڈوا گاؤں سے متعلق ہے۔ یوپی حکومت میں ثانوی تعلیم کی وزیر مملکت گلاب دیوی یہاں ایک پروگرام میں حصہ لینے آئی تھیں۔ پروگرام میں کثیر تعداد میں لوگ موجود تھے۔ اسی دوران ایک نوجوان صحافی مائیک آئی ڈی لے کر وزیر ثانوی تعلیم کے پاس پہنچا اور کہا کہ آپ نے اس گاوں کو گود لیا تھا اور گود لیتے وقت آپ نے یہاں کی ترقی کے لئے حلف بھی لیا تھا لیکن آج تک یہاں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، یہاں کی سڑکیں، مندر اور مکانات سب خستہ حال ہیں۔ صحافی نے پروگرام میں شریک لوگوں سے پوچھا کہ کیا آپ گاوں کی ترقی سے مطمئن ہیں جس پر لوگوں نے کہا کہ نہیں۔