کولکاتا:سندیش کھالی میں ای ڈی کی ٹیم پرحملے کی جانچ کی ذمہ داری سی بی آئی کے سپرد کرنے کے کلکتہ ہائی کورٹ کے فیصلے کوچیلنج کرتے ہوئے ترنمول حکومت سپریم کورٹ سے رجوع کر رہی ہے۔ ریاستی قانون ساز ذرائع کے مطابق وکیل ابھیشیک منوسنگھوی ریاستی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں مقدمہ لڑیں گے۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے کیس کی فوری سماعت کا مطالبہ کیا ہے۔
ہائی کورٹ نے گرفتار ترنمول لیڈر شاہجہان شیخ کو منگل کی شام4 ;30بجے تک مرکزی ایجنسی کے حوالے کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس کی ڈویژن بنچ نے 5 جنوری کو ای ڈی کے عہدیداروں پر حملے میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) کی تشکیل کے سنگل بنچ کے حکم کو مسترد کردیا۔ یہی نہیں، ریاستی پولیس کو ہدایت دی گئی کہ نجات اور بنگاؤں پولیس اسٹیشنوں کی کل تین شکایتوں کی جانچ کی ذمہ داری سی بی آئی کو سونپ دی جائے۔ 5 جنوری کو نجات پولس اسٹیشن میں ای ڈی کے خلاف مارپیٹ کی شکایت درج کی گئی تھی۔
کلکتہ ہائی کورٹ نے منگل کو سندیش کھالی میں 5 جنوری کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے اہلکاروں پر ہوئے حملے کی جانچ مغربی بنگال پولیس سے سی بی آئی کو منتقل کرنے کا حکم دیا ہے۔ عدالت نے یہ بھی ہدایت دی کہ ٹی ایم سی لیڈر شاہجہان شیخ، جنہیں مغربی بنگال پولیس نے 29 فروری کو حملے کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا، کی تحویل مرکزی ایجنسی کے حوالے کی جائے۔