کلبورگی: لوک سبھا انتخابات کے لئے کانگریس کے منشور پر ان کے حالیہ ریمارکس پر وزیر اعظم نریندر مودی پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے جمعہ کو کہا کہ بی جے پی کے رہنماؤں کو پہلے خود اپنی تاریخ کو دیکھنا چاہئے۔ کھرگے نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ مذہب کے نام پر ملک کو "تقسیم" کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ کھرگے نے اے این آئی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’وہ خود مسلم لیگ کے ساتھ تھے۔
کانگریس صدر نے سوال کیا کہ " وزیراعظم مودی کے ذہن میں صرف ہندو مسلم ہے... مذہب کے نام پر ملک کو تقسیم کرنا، سماج کو توڑنا، مودی نے ہمارے منشور کو ٹھیک سے نہیں پڑھا، ہم نے کہا ہے کہ ہم نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ خواتین کو سالانہ ایک لاکھ روپے دیں گے، کسانوں کو ایم ایس پی گارنٹی، کیا یہ وعدے مسلم لیگ ہے؟''۔ واضح رہے کہ وزیراعظم مودی نے اپنی لوک سبھا مہم کی تقریروں میں کہا ہے کہ کانگریس کے منشور پر مسلم لیگ کے نظریے کی چھاپ ہے۔