اردو

urdu

ETV Bharat / state

انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ پر ورلڈ کانگریس کا اختتام - یوم یونانی

World Congress on Integrated Community Health: اجمل خاں طبیہ کالج، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے شعبہ تحفظی و سماجی طب کے زیر اہتمام انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ پر تین روزہ عالمی کانگریس کامیابی کے ساتھ مکمل ہوئی۔

The World Congress on Integrated Community Health concludes
The World Congress on Integrated Community Health concludes

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 15, 2024, 1:11 PM IST

علیگڑھ:انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ پر ورلڈ کانگریس کے اختتامی اجلاس میں عالمی یوم یونانی بھی منایا گیا، جس کا اہتمام یونانی طب کے ماہر حکیم اجمل خاں کے یوم پیدائش پر کیا جاتا ہے۔ مہمان خصوصی، ڈاکٹر ایم مختار اے قاسمی، مشیر یونانی، وزارت آیوش، حکومت ہند نے اجمل خاں طبیہ کالج کی ترقی سے متعلق معاملات میں ہر طرح کے تعاون کا یقین دلایا۔ اپنے صدارتی کلمات میں ڈاکٹر ایم حسین آیاتی، نائب صدر اور وائس چانسلر، تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز، ایران نے اے ایم یو اور تہران یونیورسٹی آف میڈیکل سائنسز کے درمیان اشتراک و تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
یہ بھی پڑھیں:

ایرانی یونیورسٹی کے وفد نے اے ایم یو کا دورہ کیا


پروفیسر اشہر قدیر نے یوم یونانی کی مناسبت سے حکیم اجمل خاں پر ایک خطبہ دیا۔ اس موقع پر ریاستی ہومیوپیتھک کالج علی گڑھ کے پرنسپل پروفیسر وی پی ورما اور اے سی این یونانی کالج کے پروفیسر احمد این خان اپنے طلباء کے ساتھ موجود تھے۔ تین روزہ پروگرام میں 24 تکنیکی سیشن ہوئے۔ جن میں 50 سے زائد مقررین نے موضوع کے مختلف پہلوؤں پر اپنے تحقیقی مقالے اور پوسٹرز پیش کیے۔ حکیم عبدالحمید، ولیم اوسلر، حکیم اجمل خاں، سوسوراتا اور ایس ہانیمن سمیت طب کی مختلف شاخوں کے زعماء کے لیے الگ الگ سیشن وقف تھے۔


مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پروگرام کے آرگنائزنگ سکریٹری اور چیئرمین، شعبۂ تحفظی و سماجی طب، پروفیسر ایس ایم صفدر اشرف نے کہا کہ طریقہ ہائے علاج اور نظام ہائے طب کے انضمام کا مقصد مریضوں کے لیے بہتر علاج اور انسانیت کی خدمت ہونا چاہیے۔ ڈین، فیکلٹی آف یونانی میڈیسن، پروفیسر عبید اللہ خان اور پروفیسر بی ڈی خان نے پروگرام کے موضوع کی وضاحت کی۔ بنگلہ دیش سے پروفیسر جی ایم فاروق اور پروفیسر وی کے اگنی ہوتری (سابق پرنسپل، آیورویدک میڈیکل کالج، ہریدوار) نے پروگرام سے برآمد ہونے والے نتائج کی ستائش کی۔


اس موقع پر انڈین انٹیگریٹڈ کمیونٹی ہیلتھ ایسوسی ایشن (آئی آئی سی ایچ اے) کا چھٹا اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں ایسوسی ایشن کے نئے صدر کے طور پر پروفیسر ایم یونس، سابق چیئرمین، شعبہ کمیونٹی میڈیسن، جے این میڈیکل کالج کا نام تجویز کیا گیا۔ پروفیسر یونس کو ایلوپیتھ میں، پروفیسر وی کے اگنی ہوتری، سابق پرنسپل، آیوروید کالج، ہریدوار کو آیوروید میں اور پروفیسر عیسیٰ ندوی، سابق چیئرمین، شعبۂ تحفظی و سماجی طب، ایم آئی جے یونانی کالج، ممبئی کو یونانی طب میں ان کی خدمات کے اعتراف میں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔


اس موقع پر شعبہ کی الومنئی میٹ بھی ہوئی اور پوسٹر سازی اور سلوگن رائٹنگ کے مقابلوں کے فاتحین میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ آسیہ معصوم، ارم فاطمہ، فائزہ نور، ردا خان، ایم حسن، عرشی شکیل، ایم اکرام الحق اور عائشہ پروین کو انعامات دیے گئے۔ تحفظی و سماجی طب میں سب سے زیادہ حاضری کے لیے یو جی اور پی جی سطح پر دس ہزار روپیے کے انعامات آئی آئی سی ایچ اے اور سمنان امپیریئل گِلڈ کی جانب سے دیے گئے۔ عمدہ ترین رضاکار کے لیے محمد جنید، لولی سنگھ، انعم کمال اور عائشہ پروین کو حوصلہ افزائی انعامات دیے گئے۔ مندوبین نے تاج محل اور آگرہ کی سیر بھی کی۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details