سپریم کورٹ نے جمعہ کو عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسودیا کو مبینہ دہلی ایکسائز پالیسی گھوٹالہ میں ضمانت دے دی جبکہ وہ 17 ماہ سے جیل میں بند ہیں۔ عدالت عظمیٰ نے سی بی آئی اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ درج دونوں مقدمات میں سسودیا کو ضمانت دے دی۔ جسٹس بی آر گوائی اور کے وی وشواناتھن پر مشتمل بنچ نے کہاکہ اگر عدالت سسودیا کو ٹرائل کورٹ میں واپس بھیجتی ہے تو یہ سانپ اور سیڑھی کا کھیل کھیلنے کے مترادف ہوگا۔ بنچ نے کہا کہ ’نچلی عدالتیں اور ہائی کورٹز اکثر یہ نہیں سمجھتے ہیں کہ ضمانت کو قاعدہ اور جیل کو استثنیٰ سمجھا جاتا ہے، جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں ضمانت کی درخواستیں سپریم کورٹ میں آتی ہیں۔ بنچ نے مزید کہا کہ ’عدالتی عمل کو ہی سزا نہ بنادیا جائے‘۔
سپریم کورٹ نے منیش سسودیا کی ضمانت منظور کرلی، دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ 17 ماہ بعد جیل سے آئیں گے باہر - SC grants bail to Manish Sisodia
سپریم کورٹ نے جمعہ کو دہلی ایکسائز پالیسی کیس سے متعلق معاملہ میں دہلی کے سابق نائب وزیراعلی منیش سسودیا کو ضمانت دے دی۔ عدالت نے سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کے ذریعہ ایکسائز پالیسی کے سلسلے میں زیرتفتیش مقدمات میں سسودیا کی باقاعدہ ضمانت کو منظور کرلیا۔ سسوڈیا 17 ماہ بعد جیل سے باہر آئیں گے۔
Published : Aug 9, 2024, 11:01 AM IST
|Updated : Aug 9, 2024, 12:28 PM IST
عدالت عظمیٰ نے کہا کہ وہ پہلے ہی طویل عرصہ تک قید میں رہ چکے ہیں، وہ ضمانت کے حقدار ہیں۔ بنچ نے زور دیا کہ طویل قید کے پیش نظر، سختیوں میں نرمی کی جاسکتی ہے جبکہ عدالت نے یہ بھی نوٹ کیا کہ اس معاملہ میں ابھی تک ٹرائل تک شروع نہیں ہوئی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کی معاشرے میں گہری بنیاد ہے اور ان کے فرار ہونے کا امکان نہیں ہے، اس لئے نچلی عدالت بھی ضمانت کی شرائط طے کرسکتی ہے۔ عدالت نے کہا کہ منیش سسودیا کو بھی مقدمہ کی جلد سماعت کا حق حاصل ہے۔ عدالت نے شرائط عائد کرتے ہوئے سسودیا کو اپنا پاسپورٹ حوالے کرنے اور گواہوں کو متاثر نہ کرنے کی ہدایت دی۔
سسوڈیا کو سی بی آئی نے 26 فروری 2023 کو گرفتار کیا تھا، جن پر دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 میں مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث ہونے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ وہیں ای ڈی نے انہیں 9 مارچ 2023 کو منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ سپریم کورٹ سے ضمانت ملنے کے بعد دہلی کے سابق نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا اب 17 ماہ بعد جیل سے رہا ہوں گے۔