لکھنؤ :لکھنو میں مظاہرین کوخطاب کرتے ہوئے مولانا سید کلب جوادنقوی نے کہاکہ پاکستانی سرکار امریکہ اور اسرائیل کی آلۂ کار ہے ۔پاراچنار میں مسلسل دہشت گرد تنظیمیں شیعوں کا قتل عام کررہی ہیں مگر پاکستانی سرکار اور فوج نے بروقت کاروائی نہیں کی۔مولانا نے کہاکہ افغانستان سے دہشت گردوں کو ہتھیار بھیجے جارہے ہیں۔ پاکستانی سرکار ان کی پشت پناہی کررہی ہے۔
انہوں نے کہاکہ اس لئے ہم اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شیعوں کی نسل کشی کے جرم میں پاکستانی اور افغانستانی سرکار کا احتساب کیاجائے ۔ پاکستان دہشت گردی کا اڈّہ ہے ۔امریکہ اور اسرائیل نے جن دہشت گرد تنظیموں کو جنم دیاہے وہ سب پاکستان میں متحرک اور فعال ہیں ۔خاص طورپرطالبان اور داعش جیسی دہشت گرد تنظیمیں جو اس وقت پاراچنار میں دہشت گردی کو فروغ دے رہی ہیں ،امریکہ اور اسرائیل کے ذریعہ معرض وجود میں آئیں اور پاکستانی سرکار نے ان کی حمایت کی ،جس کے نتیجے میں آج پاراچنار کو جہنم بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
مولانا نے کہاکہ دہشت گرد شمر معلون کی طرح نوجوانوں کو پسِ گردن سے ذبح کررہے ہیں جس سے واضح ہوتاہے کہ یہ لوگ یزید اور شمر کی نسل سے تعلق رکھتے ہیں ۔عرب ملکوں پر بھی تنقیدکی اور کہا یہ بے غیرت عرب ہیں جو امریکہ اور اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف ایک حرف بولنے کی جرأت نہیں رکھتے ۔
مولانانے کہاکہ آج غزہ کی مدد کے لئے بھی کوئی آگے نہیں آیا۔ وہی میدان عمل میں موجود ہیں جو علیؑ کے چاہنے والے ہیں ۔اس لئے سب سے زیادہ ظلم و تشدد کا نشانہ علیؑ کے چاہنے والوں کو بنایاجارہاہے ۔