مظفرنگر (اترپردیش):صوبہ اترپردیش کے شہر مظفرنگر کے معروف علمی ادارہ شاہ ولی اللہ اسلامک لائبریری کے منتظمین کا وفد ضلع مجسٹریٹ دفتر، واقع احاطہ کچہری پہنچا اور ضلع کے اعلی افسران سے ملاقات کی۔
وفد کی قیادت مذہبی شخصیت قاری محمد خالد بشیر قاسمی نے کرتے ہوئے ایک تحریر عرضداشت ضلع افسران کو دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ وقت میں ملک کے مختلف علاقوں سے عصمت دری کے واقعات کی خبریں سامنے آرہی ہیں وہ نہایت ہی افسوس و شرم اور اضطراب کا باعث ہے۔
محمد خالد بشیر قاسمی نے کہا کہ یہ واقعات مہذب معاشرے کے لئے ناقابل برداشت ہیں۔ ملک میں خواتین کی حفاظت کی صورتحال پر بھی سوالیہ نشان ہے۔ ایسے شرمناک واقعات اور انکو انجام دینے والے درندہ صفت انسانوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کی لیے دستور ہند میں قوانین موجود ہیں لیکن ضرورت اس بات کی ہے کہ مرکزی و صوبائی حکومتیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ان پر سختی سے عمل پیراں ہوں۔