دہلی: آل انڈیا کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے نیشنل میڈیا انچارج سید عدنان اشرف نے ایک بیان میں کہا کہ ملک بھر میں انڈیا اتحاد کی لہر ہے۔ ملک کی عوام بھارتیہ جنتا پارٹی کی عوام مخالف پالیسیوں سے پریشان ہیں، کیونکہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے گزشتہ دس سالوں میں ملک کے آئین، مہنگائی، بے روزگاری، پرچہ لیک اور ماب لنچنگ کو لے کر کوئی مثبت قدم نہیں اٹھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جس طرح سے پورے ملک میں کسانوں کے اوپر ظلم و بربریت کے پہاڑ توڑے گئے، ملک کے لیے تمغہ حاصل کرنے والی خاتون کھلاڑیوں کو جنتر منتر پر گھسیٹا گیا، ان تمام مسائل پر وزیراعظم کی خاموشی کی وجہ سے لوگوں میں کافی غم و غصہ ہے۔
سید عدنان اشرف کا مزید کہنا تھا کہ وہ خاص طور سے وزیراعظم نریندر مودی کی میرٹھ ریلی کو دیکھ رہے تھے اور انہیں امید تھی کہ وہ اس بار ملک کی عوام سے کھلے منچ سے جھوٹ نہیں بولیں گے، لوگوں سے ان کے کھاتوں میں 15-15 لاکھ روپے دینے کے وعدے، کالا دھن واپس لانے اور کسانوں کا قرضہ معافی سے متعلق، انہوں نے نہ تو کوئی جواب دیا اور نہ ہی ایک جملہ بولا، جس کی وجہ سے لوگوں میں کافی مایوسی ہے۔
انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی اور مودی جس طرح سے 400 پار کا جھوٹا بیانیہ بنا کر ملک کی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، اس کا جواب عوام الیکشن میں ضرور دے گی۔ انہوں نے بی جے پی کے 400 پار کے بیانیہ کا مذاق اڑاتے ہوئے کہا کہ اگر 400 پار کچھ ہوگا، تو وہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقتدار میں پٹرول، ڈیزل اور کھانے کے تیل کی قیمت ہوگی۔