مالیگاؤں:مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی علاقہ مالیگاؤں میں منعقدہ پریس کانفرنس کے موقع پر مجلس اتحاد المسلمین کے شمالی مہاراشٹر کے صدر ڈاکٹر خالد پرویز نے کہا کہ ملک میں چناؤ کی سرگرمیاں جاری ہیں۔اس ضمن میں 20 مئی 2024 کو دھولیہ مالیگاؤں لوک سبھا حلقہ میں پولنگ ہوگی چونکہ پارلیمانی چناؤ کے نتائج 5 سالہ مرکزی اقتدار کی بنیاد رکھیں گے۔ اس پس منظر میں ہر ووٹر ہر طبقہ اور ہر فرقہ کی اپنی اخلاقی ذمہ داری ہوگی کہ آنے والے پانچ برسوں کے لیے جو حکومت تشکیل پائے وہ کم از کم اسکے اپنے نظریے سے مطابقت رکھتی ہو۔
انہوں نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات اور ماضی کے حالات کے تناظر میں بحر حال سیکولر طبقہ تشویش میں مبتلا ہے۔ اور چاہتا ہے کے ملک میں امن ، بھائی چارگی کا بول بالا رہے، اور آئین کی پاسداری ہوتی رہے۔ ڈاکٹر خالد پرویز نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ آئین کا تحفظ کیا جائے مسجد مندر فرقہ وارانہ تعصب کی سیاست کا خاتمہ ہو۔ ہر شعبہ حیات میں ترقی ہو ہر طبقہ کی فلاح و بہود ہو۔اس کی تشخص کی بحالی کے لیے پالیسی بنے ہر کاروبار کے فروغ کے لیے پالیسیاں ترتیب دی جائے غرض کے ملک میں امن و بھائی چارگی کے لیے جب تک ٹھوس منصوبہ بندی نہیں کی جائے گی تب تک ملک کی اجتماعی ترقی ممکن نہیں ہے۔