گیا (بہار): بہار کے ضلع میں اقلیتی طبقہ کے نوجوانوں 'مرد و خواتین ' کے لیے وزیر اعلی ہنر مندی اسکیم نافذ ہے۔ اس اسکیم سے اس برس مالی سال ریاست بھر میں 20610 لوگوں کو تربیت یافتہ بنواکر روزگار سے جوڑنے کا ہدف تھا، فارم بھرنے کی آخری تاریخ 26 جولائی 2023 ہے۔ لیکن تعجب یہ کہ اب تک ریاست بھر میں پانچ سو فارم بھی نہیں بھرے گئے ہیں۔
حالانکہ اس اسکیم کے تحت مفت میں تربیت دی جاتی ہے اور تربیت کے بعد کیمپس سلیکشن بھی کرایا جاتا ہے۔ ماضی میں اس اسکیم سے تربیت حاصل کر کئی افراد بیرون ممالک میں بھی ملازمت کر رہے ہیں۔
جس سینٹر سے تربیت دی جاتی ہے وہاں سے بہار حکومت کا سرٹیفیکٹ بھی دیا جاتا ہے جوکہ بڑی کمپنیوں میں ملازمت پانے میں بڑا مددگار ہوتا ہے۔ راہل کمار اسسٹنٹ ڈائریکٹر محکمہ اقلیتی فلاح نے بتایا کہ سب سے زیادہ کشن گنج سے 42 ،مغربی چمپارن سے 40، بکسر سے 28 اور مشرقی چمپارن سے 26 درخواست آئی ہیں۔ جبکہ ضلع گیا میں صرف 10 درخواست موصول ہوئی ہیں۔
سنہ 2008 سے شروع ہے اسکیم:
بہار حکومت نے اس منصوبے کی شروعات سنہ 2008ء میں کی تھی۔ اس کے تحت محکمہ اقلیتی فلاح کے ذریعے اقلیتی فرقے کے نوجوانوں کو روزگار سے جوڑنے کے لیے تربیت دلوائی جاتی ہے اور اس میں مفت تربیت دی جاتی ہے۔ اس کے لیے ریاستی حکومت نے کل 26 ٹریڈ منتخب کر رکھے ہیں۔ یہ ٹریڈ ایسے ہیں کہ آٹھویں پاس سے لیکر بارہویں پاس تک کے نوجوان ہنر سیکھ سکتے ہیں اس میں ڈرائیور سے لیکر کمپیوٹر آپریٹر اور نرس تک کی تربیت دی جاتی ہے۔ سبھی کورس ایسے ہیں جس میں 20 ہزار سے زائد کی تنخواہ آسانی سے مل جاتی ہے۔