نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے آکاشوانی ریڈیو پر ہر مہینے کے آخری اتوار کو نشر ہونے والے مشہور پروگرام اور قوم کے نام خطاب من کی بات سلسلے کی 110ویں اور لوک سبھا انتخابات 2024 سے قبل کی آخری قسط کا انعقاد جامعہ ملیہ اسلامیہ کے سی آئی ٹی ہال میں کیا گیا۔
دہلی اسٹیٹ حج کمیٹی کی چیئرپرسن کوثر جہاں کے اہتمام سے آج جامعہ ملیہ اسلامیہ میں منعقدہ اس پروگرام میں مہمان خصوصی کے طور پر علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر، بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی نائب صدر پروفیسر طارق منصور اور مہمان ذی وقار کے طور پر جامعہ ملیہ اسلامیہ کے کارگزار شیخ الجامعہ پروفیسر اقبال احمد کے علاوہ یونیورسٹی کی مختلف فیکلٹی، شعبوں اور اسکولوں کے اساتذہ، یونیورسیٹی پراکٹر دیگر افسران و کارکنان اور طلباء و طالبات بالخصوص خواتین نے شرکت کرکے پروگرام کی رونق افزائی کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے من کی بات خطابی سلسلے کی 110ویں قسط میں آج ایک بار پھر خواتین کو با اختیار بنانے کی بات کرتے ہوئے مختلف شعبہ حیات میں خواتین کے ذریعے انجام دیے جا رہے ترقیاتی کاموں پر روشنی ڈالی اور زندگی کے مختلف شعبوں سے وابسطہ خواتین سے اپنی گفتگو کا نظریہ بھی پیش کیا۔
اس سلسلے میں انہوں نے زراعت کے شعبے میں ڈرون کے ذریعے فصلوں پر حشرات کش ادویات اور کھاد کا چھڑکاؤ کرنے والی ڈرون دیدی کا تعارف کراتے ہوئے پروگرام میں موجود خواتین کے جوش و خروش کو دوبالا کیا۔