امپھال: منی پور سے ایک بار پھر تشدد کی خبر سامنے آئی ہے۔ بہار کے دو مزدوروں کو ریاست کے کاکچنگ ضلع میں نامعلوم حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ پولس اس واقعے کی جانچ میں مصروف ہے۔
منی پور کے کاکچنگ ضلع میں ہفتہ کی شام بہار کے دو مہاجر مزدوروں کو نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کچھ مسلح حملہ آوروں نے کاکچنگ وابگئی روڈ پر کیرک میں دو مزدوروں کو گولی مار کر ہلاک کر دیا۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مقتولین کچھ دوسرے لوگوں کے ساتھ مزدوری کر کے اپنی سائیکل پر لوٹ رہے تھے۔
پولیس فوری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں کر سکی کہ مزدوروں پر حملہ کس نے کیا۔ ہلاک شدگان کی شناخت سنالال کمار (18) اور دشرتھ کمار (17) کے طور پر کی گئی ہے۔ مرنے والے بہار کے گوپال گنج ضلع کے یادو پور تھانہ حلقے کے رہنے والے تھے۔ وہ تعمیراتی کام کر رہے تھے اور کاکچنگ میں کرائے کے مکان میں رہتے تھے۔