نئی دہلی: پریس کانفرنس میں مومن کانفرنس کے قومی صدر فروز احمد انصاری، قومی کارگزار صدر حاجی محمد عمران انصاری، قومی سیکرٹری جنرل حاجی عبدالرشید انصاری، قومی نائب صدر حاجی انوار احمد انصاری، دہلی ریاستی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر مشتاق انصاری نے صحافیوں سے خطاب کیا۔
ایڈوکیٹ فروز احمد انصاری نے بتایا کہ مومن کانفرنس انصاری برادری کی 100 سال سے زیادہ پرانی سماجی تنظیم ہے۔ اس نے آزادی کی جدوجہد میں اہم کردار ادا کیا۔ اگر ہم تعداد کی بات کریں تو شمالی ہند کی کسی بھی لوک سبھا سیٹ پر انصاری ووٹروں کی تعداد ایک لاکھ سے کم نہیں ہے لیکن جب بھی ٹکٹ کی تقسیم کی بات آتی ہے تو انصاری برادری کو نظر انداز کیا جاتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بہت سی سیاسی جماعتوں کی بدحالی کی وجہ یہ بھی ہے کہ وہ انصاری برادری کو ان کی تعداد کے مطابق نمائندگی کا موقع نہیں دیتی۔ مسلم کمیونٹی کی سب سے بڑی برادری ہونے کے ناطے ہم سیکیولر پارٹیوں سے مطالبہ کرتے ہیں کہ انصاری برادری کو لوک سبھا انتخابات میں نمائندگی کا موقع دیا جائے۔
کانفرنس کی قومی ایگزیکیوٹو صدر اور دہلی کے ریاستی صدر حاجی محمد عمران انصاری نے جانکاری دیتے ہوئے کہا کہ پوری دہلی میں 80 لاکھ مسلمانوں کی آبادی ہے جس میں سے 50 فیصد انصاری برادری سے ہیں۔شمال مشرقی دہلی میں انصاری اور او بی سی کو ملا کر 90 فیصد آبادی ہے جو ہمیشہ سیکولر پارٹیوں کی حمایت کرتے ہیں میں نے خود کانگریس پارٹی سے مطالبہ کیا ہے کہ مجھے شمال مشرقی دہلی کے لوک سبھا سیٹ سے امیدوار قرار دیا جائے کیونکہ علاقے کے لوگ میرے کام سے بخوبی واقف ہیں میں پچھلے 20 سالوں سے علاقے کے لوگوں کی خدمت کرتا رہا ہوں۔