مظفر نگر:ریاست اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں تحفظ دین ختمِ نبوت میڈیا تنظیم کے ڈائریکٹر قاری ضیاء الرحمن صاحب فاروقی کی ائماء پر شہر مظفرنگر کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ گلزار علوم گلزار مسجد کھالہ پار مظفرنگر میں ختمِ نبوت کوئز کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقعے پر ایک مختصر تقریب کا انعقاد کرکے طلباء کو ختمِ نبوت کا مفہوم سمجھایا گیا۔ ادارے کے ناظم مولانا محمد احمد صاحب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ دور فتنوں کا دور ہے۔ اس دور میں عقائد کا تحفظ ملت کے مفکرین اور دانشوروں کے لئے ایک چیلنج بن گیا ہے اور علماء کرام ہر دور میں چیلنجز کو قبول کرتے ہوئے فتنوں کا سدباب کرتے آئے ہیں۔ چنانچہ آج بھی اسی انداز میں ان چیلنجز کا مقابلہ کررہے ہیں۔ لہٰذا اس پر فتنہ دور میں عقائد کے تحفظ کی خاطر نوجوان علماء میدان میں آکر نسل نو کے عقائد کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔