علیگڑھ:انٹرنیشنل میوزیمس ڈے پر علیگڑھ میں 18 مئی کو بین الاقوامی سیمینار منعقد کیا جائے گا۔ علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) شعبۂ میوزیالوجی کے سربراہ عبد الرحیم نے ایک پریس کانفرنس میں انٹرنیشنل میوزیمس ڈے سے متعلق بتایا کہ یونیسکو کے ایک اعلامیہ کے مطابق یہ دن تقریباً 165 ممالک میں منایا جاتا ہے اور اس سال اس دن کو ’میوزیم برائے تعلیم و تحقیق‘ کے طور پر منایا جائے گا۔ یہ پروگرام انٹرنیشنل کونسل آف میوزیمس -انڈیا اور انٹرنیشنل کونسل فار بایو ڈیٹریوریشن آف کلچرل پراپرٹی (آئی سی بی سی پی) کے ساتھ مل کر منعقد کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ افتتاحی اجلاس صبح 11 بجے شعبۂ میوزیالوجی کے اسمارٹ کلاس روم میں منعقد ہوگا، جس میں ڈاکٹر وریندر ناتھ، صدر آئی سی بی سی پی اور سابق سائنسداں، این بی آر آئی لکھنؤ، مہمان خصوصی کے طور پر شامل ہوں گے، جب کہ مہمان اعزازی کے طور پر راجکمار پٹیل، سپرنٹنڈنٹ، اے ایس آئی آگرہ سرکل موجود رہیں گے۔ کلیدی خطبہ پروفیسر امریشور گالا، سابق نائب صدر، انٹرنیشنل کونسل آف میوزیمس، پیرس پیش کریں گے۔ ایم ایس یو یونیورسٹی، بڑودہ کے شعبۂ میوزیولوجی کی سربراہ پروفیسر امبیکا پٹیل کا بھی خطبہ ہوگا۔
پروفیسر عبدالرحیم کے نے مزید بتایا کہ اسکول کے طلباء کے لیے دو گروپوں میں مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا جائے گا۔ ایک گروپ درجہ نہم تا دہم اور دوسرا گروپ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے طلباء پر مشتمل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال نئے میوزیم کھلنے سے میوزیمس کی اہمیت بڑھ رہی ہے اور قومی تعلیمی پالیسی (این ای پی) کے مطابق اب طلباء کے لیے میوزیمس کا دورہ لازمی ہے۔