اردو

urdu

ETV Bharat / state

گجرات فسادات میں زندہ بچ جانے والی ذکیہ جعفری کا 86 برس کی عمر میں انتقال - ZAKIA JAFRI

کانگریس کے سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی اہلیہ ذکیہ جعفری کا آج احمد آباد میں انتقال ہوگیا، وہ 86 برس کی تھیں۔

گجرات فسادات میں زندہ بچ جانے والی ذکیہ جعفری کا 86 برس کی عمر میں انتقال
گجرات فسادات میں زندہ بچ جانے والی ذکیہ جعفری کا 86 برس کی عمر میں انتقال (Etv Bharat)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Feb 1, 2025, 3:41 PM IST

Updated : Feb 1, 2025, 9:00 PM IST

احمد آباد : سابق رکن پارلیمنٹ احسان جعفری کی بیوہ ذکیہ جعفری، جنہیں 2002 کے گجرات نسل کشی میں ہندوتوا ہجوم نے قتل کر دیا گیا تھا، ہفتہ یکم فروری کو انتقال کرگئیں۔ وہ 86 سال کی تھیں۔ ذکیہ جعفری نے آج صبح ساڑھے گیارہ بجے احمد آباد میں آخری سانس لیں۔ ان کے فرزند تنویر نے انتقال کی تصدیق کی، جو سورت میں رہتے ہیں۔ انہیں احمد آباد میں اپنے شوہر احسان جعفری کی قبر کے قریب سپرد خاک کیا جائے گا۔

انسانی حقوق کی کارکن تیستا سیتلواد نے ایکس پر پوسٹ کیاکہ "انسانی حقوق کمیونٹی کی ایک ہمدرد رہنما ذکیہ اپا کا انتقال ہوگیا!"

ذکیہ جعفری کے بیٹے تنویر جعفری نے کہا کہ میری والدہ کی عمر 86 برس تھی، وہ صحت مند تھی اور بغیر کسی سہارے کے چلتی تھیں۔ آج صبح انہیں کچھ بے چینی محسوس ہوئی، تاہم ڈاکٹر کو فوری طور پر بلایا گیا لیکن کچھ دیر بعد انہیں انتقال ہوگیا۔ تنویر نے بتایا کہ جب گلبرگ سوسائٹی مقدمہ کا فیصلہ آیا تھا تب والدہ ذکیہ جعفری کو بہت زیادہ افسوس ہوا تھا۔ وہ چاہتی تھی کہ جنہوں نے فسادات کے دوران ظلم کیا تھا انہیں سزا ہو، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

رکن اسمبلی عمران کھیڑا والا اور سابق رکن اسمبلی غیاث الدین شیخ نے ذکیہ جعفری کو خراج پیش کیا۔ انہوں نے قبرستان پہنچ کر تنویر جعفری کو پرسہ دیا۔ انہوں نے گجرات کانگریس کمیٹی کے صدر شکتی سنگھ گوہل کا پیام بھی تنویر جعفری تک پہنچایا جس میں انہوں نے ذکیہ جعفری کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔

ذکیہ جعفری 2006 سے انصاف کےلئے قانونی جنگ لڑ رہی ہیں جبکہ انہوں نے ایک عرضی میں کہا تھا کہ پولیس نے گجرات کے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نریندر مودی اور بی جے پی کے دیگر اعلیٰ سیاست دانوں کے خلاف مسلم مخالف قتل عام کے سلسلے میں ایف آئی آر درج نہیں کی تھی۔ انصاف کے لیے ان کا مطالبہ 2008 میں اس وقت زور پکڑا جب سپریم کورٹ نے حکومت کو گلبرگ سوسائٹی واقعہ سمیت نو مقدمات کی دوبارہ تحقیقات کا حکم دیا۔ اس کے علاوہ ذکیہ جعفری کی شکایت کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم قائم کی گئی۔

سپریم کورٹ نے تین سال قبل ذکیہ جعفری کی جانب سے 2002 کے گجرات فسادات میں مودی اور دیگر کئی افراد کو خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے دی گئی کلین چٹ کو چیلنج کرنے والی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: Gujarat Riots 2022 احسان جعفری کی اکیسویں برسی پر ذکیہ جعفری نے گجرات فسادات کے دردناک واقعہ کو یاد کیا - گجرات فسادات

آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اسد الدین اویسی نے ذکیہ جعفری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’ذکیہ جعفری نے دو دہائیوں تک ہندوستان کے چند طاقتور ترین لوگوں کے خلاف تنہا مقابلہ کیا‘۔

اسدالدین اویسی نے سوشل ایکس پر ذکیہ جعفری اور ان کے شوہر احسان جعفری کی تصویر شیئر کی، انہوں نے لکھا کہ "ذکیہ جعفری کے شوہر کو 2002 میں ایک ہجوم نے قتل کر دیا تھا اور انہوں نے اس منظر کو دیکھا تھا۔ تقریباً دو دہائیوں تک انہوں نے بھارت کے کچھ طاقتور ترین لوگوں کے خلاف اکیلے ہی قانونی جنگ لڑی، کبھی انہیں ڈر نہیں لگا، ان کا آج انتقال ہو گیا۔ اللہ ان کی روح کو سکون عطا فرمائے۔"

Last Updated : Feb 1, 2025, 9:00 PM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details