مرادآباد: مرادآباد کے عوام کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی جب ضلع سے لکھنؤ کے لیے پہلی پرواز آج روانہ ہوئی۔ فلائی بگ کمپنی اور ڈی جی سی اے کی طرف سے تمام تیاریاں پہلے ہی مکمل کر لی گئی تھیں اور آج ضلع انتظامیہ کی موجودگی میں مرادآباد سے پہلی پرواز لکھنؤ کے لیے روانہ ہوئی۔
طویل عرصہ سے مرادآباد کے شہری ضلع سے فلائٹ پرواز کا انتظار کر رہے تھے اس متعلق کئی مرتبہ اعلان بھی کیا گیا۔ لیکن پرواز شروع نہیں کی جا سکی۔ فلائی بگ کمپنی کا 19 سیٹر ہوائی جہاز آج صبح 10:15 پر منڈاپانڈے ہوائی اڈے سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوا اور تقریباً ایک گھنٹہ پندرہ منٹ کا فاصلہ طے کرنے کے بعد یہ پرواز لکھنؤ میں اترے گی۔
مرادآباد سے پہلی فلائٹ اڑنے کے موقع پر ایک شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اتر پردیش سرکار کے وزیر دھرم پال سنگھ اور بلدیو سنگھ اولکھ نے شرکت کی اس موقع پر ضلع انتظامیہ کے افسران بھی موجود رہے۔
اتر پردیش حکومت میں مویشی پروری کے وزیر دھرم پال سنگھ نے کہا کہ مرادآباد کو براس انڈسٹری کے طور پر جانا پہچانا جاتا ہے اور یہاں ہوائی اڈہ بننے سے یقینی طور پر کاروباریوں کو فائدہ ہوگا انہوں نے کہا کہ ملک کے وزیراعظم نریندر مودی اور صوبے کے وزیراعلی یوگی آدتیہ ناتھ کی قیادت میں اتر پردیش میں بہترین ہائی ویز، روڈ ویز، اور ایئر ویز ترقی کی طرف گامزن ہے۔
مزید پڑھیں: ایک شخص نے معشوقہ کیلئے بیوی کو بے دردی سے مارا، بے ہوش ہونے پر خاتون کو فینائل پلایا - Lucknow News
مرادآباد سے لکھنؤ کا کرایہ 999 روپے مقرر کیا گیا ہے۔ مسافر جی ایس ٹی اور دیگر ٹیکس سمیت تقریباً 1300 روپے میں 350 کلومیٹر کا سفر طے کر کے لکھنؤ پہنچ سکیں گے۔ بذریعہ ٹرین مرادآباد سے لکھنؤ جانے میں کم از کم پانچ گھنٹے لگتے ہیں اور ہوائی پرواز شروع ہونے کے بعد مسافر بہت کم وقت میں اپنی منزل پر پہنچ جائیں گے۔
مرادآباد سے لکھنؤ کے لیے براہ راست پرواز شروع ہونے سے مرادآباد اور آس پاس کے لوگوں کے لیے لکھنؤ کا سفر آسان ہو جائے گا۔ ایئرپورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں اور مسافروں کو ایئرپورٹ پر موجود تمام سہولیات فراہم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔