بنگلورو: کرناٹک میں خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے جنتا دل سیکولر (جے ڈی ایس) کے ایم ایل اے ایچ ڈی ریوننا کو ہفتے کے روز اغوا کے کیس میں گرفتار کرلیا۔
قابل ذکر ہے کہ ایس آئی ٹی نے سنیچر کو ایک اغوا شدہ خاتون کا پتہ لگایا تھا، جو مبینہ طور پر دیوے گوڑا کے پوتے اور جے ڈی ایس کے موجودہ رکن پارلیمنٹ پرجول ریوننا کے جنسی ویڈیو اسکینڈل کے متاثرین میں سے ایک ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ خاتون کو میسور ضلع کے کلیناہلی گاؤں میں ریوننا کے ذاتی معاون (پی اے) راج شیکھر کے فارم ہاؤس سے چھڑایا گیا۔ یہ خاتون 29 اپریل کو لاپتہ ہوگئی تھی۔
ذرائع کے مطابق خفیہ اطلاع ملنے پر ایس آئی ٹی کے افسران فارم ہاؤس پہنچے تو خاتون وہاں بند تھی۔ ذرائع نے بتایا کہ راج شیکھر فی الحال مفرور ہے۔ خاتون کو بنگلورو لایا جائے گا اور اس معاملے میں اس کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔