نوئیڈا: انوراگ ٹھاکر کے کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی کی ذات پوچھنے کے معاملے پر جہاں عوامی سطح پر شدید ناراضگی ہے، وہیں کانگریس کارکنان بھی شدید مشتعل ہوگئے ہیں۔ لوک سبھا کا مانسون اجلاس بھی مذکورہ بیان کو لے کر ہنگامہ جاری ہے۔
اس موقعے پر کانگریس کے صدر مکیش یادو نے کہا کہ بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر نے لوک سبھا میں ایم پی اور لوک سبھا اپوزیشن لیڈر راہل گاندھی کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کی، جس کی وجہ سے نوئیڈا میں کانگریسیوں نے احتجاج کیا اور بی جے پی کے خلاف نعرے لگائے، جس کے بعد صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم اے سی پی اروند کمار کو سونپا گیا۔
احتجاج میں شامل ضلع کانگریس کمیٹی بزنس سیل گوتم بدھ نگر ضلع صدر ابھیشیک جین نے کہا کہ ہم سبھی کانگریسی انوراگ ٹھاکر کے الفاظ کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ کانگریس کارکنان اپنے لیڈر کے بارے میں گالی گلوچ کو کبھی برداشت نہیں کریں گے۔ ہم تمام کانگریسی مطالبہ کرتے ہیں کہ بی جے پی لیڈر انوراگ ٹھاکر کے خلاف کارروائی کی جائے۔