دہرادون: ہلدوانی بنبھول پورہ ہنگامہ پر کانگریس کے ریاستی صدر کرن مہارا نے کہا کہ وہ علاقے کے لوگوں سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ یہاں کے حالات بہت خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ پولیس کو مذہبی تعمیرات پر کارروائی کرنے سے پہلے مزید احتیاط کرنا چاہیے تھا۔ وہ عوام سے بھی اپیل کر رہے ہیں کہ امن و امان کو برقرار رکھیں اور قانون اپنے ہاتھ میں نہ لیں۔ اس موقعے پر انہوں نے کہا کہ حکومت اس معاملے پر قصورواروں کے خلاف سخت کاروائی کرے۔ لیکن اس کی آڑ میں معصوم لوگوں کے خلاف کسی قسم کی کاروائی نہ کی جائے۔
کرن مہارا نے مزید کہا کہ فی الحال حکومت کو امن قائم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں سے بات کرکے بہتر تال میل بھی کرنا چاہئے۔ اس کے علاوہ مہارا نے معاملہ ٹھنڈا ہونے کے بعد ایک ریٹائرڈ جج کی نگرانی میں اس پورے واقعہ کی جانچ کرانے کا مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ کل ہلدوانی بنبھول پورہ میں ایک مسجد اور مدرسہ کو منہدم کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے علاقے میں کشیدگی کا ماحول بن گیا تھا۔ اس دوران کچھ لوگوں نے پولیس پر پتھراؤ بھی کیا جس میں کچھ پولس اہلکار سمیت کئی لوگ زخمی ہوئے۔