رانچی: چمپائی سورین جھارکھنڈ کے نئے وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ وہ ریاست کے 12ویں وزیر اعلیٰ ہیں۔ گورنر سی پی رادھا کرشنن نے گورنر ہاؤس میں انہیں عہدے و رازداری کا حلف دلایا۔
جھارکھنڈ کے گورنر سی پی رادھا کرشنن نے آج دوپہر تقریباً 12:30 بجے گورنر ہاؤس میں چمپائی سورین کو عہدے و رازداری کا حلف دلایا۔ واضح رہے کہ گورنر نے جھارکھنڈ مکتی مورچہ کی قانون ساز پارٹی کے لیڈر چمپائی سورین کو نامزد وزیر اعلیٰ مقرر کرکے انہیں کل دیر رات حلف لینے کی دعوت دی تھی۔ سابق وزیر اعلی ہیمنت سورین نے گرفتاری کے بعد وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور اس کی وجہ سے چمپائی سورین کو جے ایم ایم کی اتحادی قانون ساز پارٹی کا نیا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔
اس سے قبل بدھ کی رات کو ہی گورنر کو نئی حکومت سازی کے لیے دعوی پیش کردیا گیا تھا، مگر جمعرات کے روز پورا دن گذرنے کے باوجود گورنر کی طرف سے انہیں دعوت نہیں دی گئی۔ گرینڈ الائنس کے لیڈر گورنر کی کال کا انتظار کر تے رہے۔ چمپائی سورین کی قیادت میں پانچ ایم ایل ایز نے جمعرات کی شام 5.30 بجے گورنر سے ملاقات کی، لیکن انہیں حکومت بنانے کی دعوت نہیں دی گئي۔ اس کے بعد تمام ایم ایل ایز کو حیدرآباد منتقل کرنے کی تیاریاں شروع کردی گئیں۔