بھاگلپور، بہار:ریاست بہار کے بھاگلپور میں ایک زور دار دھماکہ ہوا ہے۔ جس میں دو بھائیوں سمیت 7 بچے زخمی ہوگئے ہیں۔ زخمیوں میں سے تین بچوں کی حالت نازک ہے اور ان کا مایا گنج اسپتال میں علاج کیا جا رہا ہے۔ اور واقعہ کی اطلاع ملتے ہی مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تفتیش کا عمل شروع کر دیا۔ ایف ایس ایل کی ٹیم نے موقعۂ واردات سے نمونے اکٹھے کر لیے ہیں۔
پورا معاملہ حبیب پور تھانہ علاقہ کے تحت شاہ جنگی پنچایت کے خلافت نگر محلہ کا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب محلے کے بچوں کا ایک گروپ محلے میں کھیل رہا تھا۔ زخمی بچے ثمر کی والدہ مریم نے بتایا کہ ان کا بچہ باہر کھیل رہا تھا۔ اس وقت ایک زوردار آواز سنائی دی جس کے بعد ہم باہر آئے تو دیکھا کہ میرا بچہ زخمی ہے۔
اس واردات کے بعد بھاگلپور کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آنند کمار، سٹی ایس پی ڈاکٹر رام داس، ڈی ایس پی-2 راکیش کمار سمیت کئی پولیس افسران موقع پر پہنچ گئے اور تحقیقات شروع کر دیں۔ ایف ایس ایل کی ٹیم نے موقعۂ واردات سے نمونہ اکٹھا کر لیا ہے۔ اور اس کے لیے ایک ایس آئی ٹی تشکیل دی گئی ہے۔ جس نے اس معاملے کی جانچ شروع کر دی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ بچے کسی چیز کو لے کر کھیل رہے تھے جس کے بعد دھماکہ ہوگیا۔