نینی تال: اتراکھنڈ کے ہلدوانی میں مبینہ تجاوزات ہٹانے کے دوران پرتشدد جھڑپوں کے بعد وزیر اعلی پشکر سنگھ دھامی جمعہ کی شام ہلدوانی پہنچے اور زخمیوں کا حال دریافت کیا۔ انہوں نے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا اور مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے ہلدوانی پہنچ کر حکام سے بات کی اور صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ مختلف اسپتالوں کا دورہ کیا اور زخمی پولس اہلکاروں، میڈیا کے نمائندوں اور لوگوں سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی۔ واقعہ کے حوالے سے ان سے تفصیلی گفتگو بھی کی۔ اس دوران کابینہ وزیر اور ضلع انچارج وزیر ریکھا آریہ اور کالاڈھونگی کے ایم ایل اے بنشی دھر بھگت بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دھامی نے کہا کہ قانون اپنا کام کرے گا۔ ملزمان کے خلاف کافی ثبوت موجود ہیں۔ ویڈیو فوٹیج کا تجزیہ کیا جا رہا ہے اور شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ہر مجرم کی نشاندہی کرکے سخت کارروائی کی جائے گی۔