اردو

urdu

ETV Bharat / state

فرنگی محل میں محمدی مشن کے اہم اجلاس کا انعقاد، جلوس محمدی کی تیاریوں کا آغاز - Mohammadi Mission Lucknow - MOHAMMADI MISSION LUCKNOW

لکھنؤ میں واقع فرنگی محل میں محمدی مشن کے اہم اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ اس طرح جلوس محمدی کی رسمی تیاریوں کا آغاز ہو گیا ہے۔ یہ اجلاس مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی کی سرپرستی میں منعقد ہوا۔

An important meeting of the Muhammadi mission was held at Farangi Mahal, preparations for the Juloos e Muhammadi began
فرنگی محل میں محمدی مشن کے اہم اجلاس کا انعقاد، جلوس محمدی کی تیاریوں کا آغاز (ETV Bharat Urdu)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 21, 2024, 12:22 PM IST

لکھنؤ:مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی سرپرست آل انڈیا محمدی مشن کی سرپرستی و قومی صدر محمدی مشن سید اقبال ہاشمی کی صدارت میں محمدی مشن کے ہیڈ آفس فرنگی محل چوک لکھنؤ میں جلوس محمدی کی تیاریوں کے آغاز کے سلسلے میں اہم میٹنگ منعقد ہوئی۔ میٹنگ کا آغاز قاری شمس تبریز کی تلاوت کلام پاک سے ہوا، نعت پاک کا نذرانہ قاری شاہ جہاں نے پیش کیا۔ مفتی ابو العرفان میاں فرنگی محلی نے اپنے خطاب میں کہا کہ 12 ربیع الاول کے مبارک موقع پر نکلنے والے جلوس محمدی کوئی نئی رسم نہیں ہے، لکھنؤ میں میرے والد ماجد مفتی ابو القاسم محمد عتیق میاں فرنگی محلی قاضی شہر لکھنؤ کی قیادت میں 1977 تک لکھنؤ کی گلی گلی میں جلوس محمدی و جشن عید میلاد النبیﷺ کا اہتمام کیا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ چونکہ شیعہ سنی فسادات کے وقت حفاظتی انتظامات اور شہر کے حالات کی وجہ سے اسے کچھ دنوں کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے روک دیا گیا تھا۔ اب حالات سازگار ہونے پر آل انڈیا محمدی مشن کے زیر اہتمام لکھنؤ کی ہر گلی اور چوراہے سے گزرتے ہوئے درگاہ حضرت مخدوم شاہ مینہ شاہ ؒپر پہنچ کر جیوتی با پھولے پارک چوک پر اختتام پذیر ہوتا ہے۔ جس میں تمام عقیدت مند مختلف مذاہب کے لوگ شریک ہوتے ہیں اور گنگا جمنی تہذیب کی مثال قائم کرتے ہوئے امن امان اور محبت کا اظہار کرتے ہوئے بھائی چارے کے پیغام کو عام کیا جاتا ہے۔ یہی ہمارا مشن ہے، اس کی زندہ مثال ہے کہ جب سے لکھنؤ میں جلوس محمدی اپنی شان و شوکت کے ساتھ نکلنا شروع ہوا ہے، باہمی جھگڑے ختم ہو گئے ہیں۔ جس کے لیے میں اور میری تنظیم، لکھنؤ کے عوام اور ضلع انتظامیہ اور گورنمنٹ کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔

سید اقبال ہاشمی عالمی صدر محمدی مشن نے اپنے بیان میں کہا کہ تمام انجمنوں اور ذمہ داران کو آگاہ کیا جائے کہ ہمیشہ کی طرح اس سال بھی آل انڈیا محمدی مشن کے زیر اہتمام جلوس محمدی نکالا جائے گا۔ تمام انجمنوں سے گزارش ہے کہ جلوس محمدی سے متعلق تمام تر تیاریاں شروع کر دیں، پورا مہینہ اپنے اپنے مدارس، مساجد اور گھروں میں جشن عید میلاد النبی کا اہتمام کریں، رسول اللہ ؐ کا پیغام امن، آپ کی تعلیم، آپ کی قربانیوں کو عام کریں تاکہ معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں سے لوگوں کو بچایا جا سکے۔
مولانا عفان عتیق فرنگی محلی نے کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی مشن کی جانب سے 12 روزہ پروگرام جس کا آغاز چاند نظر آنے پر پرچم کشائی سے کیا جائے گا، پہلی ربیع الاول سے 11 ربیع الاول تک جامعہ بحر العلوم فرنگی محلی میں مختلف علاقوں میں جشن عید میلاد النبی منعقد کیا جائے گا۔ 12 روزہ پروگرام کا اختتام جلوس محمدی نکال کر کیا جائے گا جس کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔

سید احمد ندیم جنرل سیکرٹری محمدی مشن نے بتاتے ہوئے کہا کہ مشن ضلع انتظامیہ کو 12 روزہ پروگرام کے تعلق سے خط دے کر آگاہ کرے گا، وقتاً فوقتاً ضلع انتظامیہ سے ملاقاتیں کرکے اجازت لینے کی کوشش شروع کی جائے گی۔ جس کی اطلاع محمدی مشن کے تمام عہدیداروں کو دی جائے گی۔ آل انڈیا محمدی مشن کی کور کمیٹی کی عام رائے سے جلوس محمدی کے تعلق سے علاقائی زونل انچارج منتخب کیے گئے۔ جس میں سلیم صدیقی مکی کو مچھلی محل کا زونل انچارج اور قاری شمیم کو نشاط گنج کا، محمد انیس اختر کو صدر کینٹ کا، قاری شمس تبریز کو خرم نگر کا، قاری رفیق عالم کو نرہی حضرت گنج کا، محمد نور انصاری کو گلزار نگر کا، محمد امین کو مڑیاؤں کا، محمد سعید کو آغا میر ڈیوڑھی کا، قاری شکیل نظامی اور محمد دلشاد اور وارث علی کو کھدرا کا، محمد رئیس اور شیخ طاہر کو بالا گنج کا، محمد زین العابدین کو حسین گنج کا، منیر احمد کو عیش باغ، حیات وارث کو حسین آباد، محمد نواز خان کو لال باغ، عزمی علوی کو مہندی گنج حیدر گنج، نثار احمد کو راجہ جی پرم، طیب ہاشمی پارہ کا عام رائے سے زونل انچارج منتخب کیا گیا اور سند سے نوازا گیا۔

اپ سبھی کی ذمہ داری رہے گی کہ اپنے اپنے علاقوں میں لوکل کمیٹی منتخب کریں۔ تاکہ علاقے سے درگاہ مخدوم شاہ مینا شاہ تک جلوس محمدی کا انتظام مکمل کیا جا سکے اور عامر رسول ایڈووکیٹ کو لیگل ایڈوائزر منتخب کیا گیا۔ اجلاس میں مولانا عفان عتیق فرنگی محلی، سید راشد معراج لیگل ایڈوائزر، طارق ہاشمی ایڈووکیٹ جوائنٹ سکریٹری، قاری شکیل نظامی خزانچی، نجیب احمد شبلو، پرویز احمد ایڈووکیٹ، ایڈووکیٹ فیضان فرنگی محلی وغیرہ نے خاص طور سے شرکت کی۔ اجلاس کا اختتام مفتی عرفان میاں فرنگی محلی، قاضی شہر لکھنؤ کی دعا اور صلوٰۃ و سلام سے ہوا۔ جس میں ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:

یونیفارم سول کوڈ لانے سے قبل وزیر اعظم کو بھارت کی مختلف تہذیبی و ثقافتی روایات کو جاننا چاہیے - Uniform Civil Code

ABOUT THE AUTHOR

...view details