اٹاوہ: اترپردیش کے اٹاوہ میں ایک صرافہ کاروباری کی بیوی اور اس کے تین بچوں کی لاشیں گھر کے مختلف کمروں سے ملی ہیں۔ معاملہ کوتوالی تھانہ حلقے کے لال پورہ تیراہے کا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد ایس پی سٹی، سی او سٹی، ایس ڈی ایم اور کوتوال موقعے پر پہنچے۔ فرانزک ٹیم کو بھی بلایا گیا۔ سبھی مرنے والوں کی گردنوں پر نشانات پائے گئے۔ جسم کے دیگر حصوں پر زخم کا کوئی نشان نہیں ہے۔ اہم بات یہ ہے کہ کاروباری نے خود اس کی اطلاع پولیس کو دی۔ پولیس کے مطابق اس نے بھی خودکشی کی کوشش کی تھی لیکن وہ بچ گیا۔ پولیس واقعے کی تفتیش قتل اور خودکشی دونوں زاویوں سے کر رہی ہے۔ تاجر پولیس کی حراست میں ہے۔ اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
صرافہ کاروباری مکیش ورما (50) کا گھر کوتوالی تھانہ حلقے کے لال پورہ تیراہے پر واقع ہے۔ پولیس کے مطابق پیر کی شام مکیش نے 112 نمبر پر اطلاع دی کہ ان کی بیوی ریکھا ورما (45) اور تین بچوں بھاویہ (18)، کاویہ (16) اور ابھیشت (14) نے خودکشی کر لی ہے۔ وہ خود کو بھی مارنے جا رہا ہے۔ اس کے بعد اس نے اپنا موبائل بند کر دیا۔
کاروباری سے پوچھ گچھ
اطلاع ملتے ہی پولیس چوکنا ہوگئی اور فوری طور پر ایس ایس پی سنجے کمار ورما، ایس پی سٹی ابھے ناتھ ترپاٹھی، سی او سٹی امیت کمار سنگھ، ایس ڈی ایم وکرم راگھو، کوتوال وکرم سنگھ چوہان اور فرانزک ٹیم مکیش کے گھر پہنچ گئی۔ گھر کے مختلف کمروں میں تاجر کی بیوی، دو بیٹیوں اور ایک بیٹے کی لاشیں پڑی تھیں۔ دوسری جانب پولیس نے ریلوے اسٹیشن کے قریب سے گھر کے مالک کاروباری کو بھی گرفتار کرلیا ہے۔ اس سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔