پریاگ راج: ضلع میں ڈی ایل ایڈ اور ٹی ای ٹی پاس کرنے والے بے روزگار نوجوانوں نے مرغا بن کر احتجاج کیا اور حکومت سے نوکریوں کی بھرتی نکالنے کا مطالبہ کیا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔ اس پر ایس پی سربراہ اکھلیش یادو نے بھی ویڈیو کو لے کر ٹویٹ کرکے یوگی حکومت پر طنز کیا ہے۔
ڈی ایل ایڈ کرنے کے بعد لاکھوں نوجوان بے روزگار:
پریاگ راج میں ڈی ایل ایڈ اور ٹی ای ٹی پاس امیدوار مسلسل احتجاج کر رہے ہیں اور ریاستی حکومت سے نوکریوں کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اس سلسلے میں کچھ امیدوار سول لائنز پہنچے اور مرغا کی طرح کان پکڑ کر اپنا احتجاج درج کرایا۔ ساتھ ہی مرغوں کی طرح چلتے ہوئے ان امیدواروں نے ڈی ایل ایڈ اور ٹی ای ٹی کورس کرنے کی غلطی قبول کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ لاکھوں نوجوان ڈی ایل ایڈ کرنے کے بعد بے روزگار بیٹھے ہیں۔ جبکہ ریاست میں اسکولوں کی 1 لاکھ 26 ہزار سے زیادہ آسامیاں خالی پڑی ہیں۔
یہی نہیں ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2018 سے بھرتی نہیں ہوئی ہے۔ لہٰذا حکومت جلد از جلد بھرتیاں کرکے ان آسامیوں کو پر کرے۔ نوجوانوں کی طرف سے مرغ کی شکل میں کیا جانے والا یہ مظاہرہ اتوار کا بتایا جا رہا ہے۔ جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔