حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بیگم بازار علاقے میں جمعہ کی صبح ایک دل دہلا دینے والے واقعہ نے سب کو ہلا کر رکھ دیا۔ معلومات کے مطابق ایک شخص نے پہلے اپنی بیوی اور بیٹے کو قتل کیا اور پھر خودکشی کر لی۔ اس واقعہ کی وجہ خاندانی تنازعہ بتایا جا رہا ہے۔ ادھر اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی۔
معلومات کے مطابق، فیض آباد، اتر پردیش کا رہنے والا 41 سالہ سراج گزشتہ چھ سال سے حیدرآباد میں مقیم تھا اور بیگم بازار میں چوڑیوں کی دکان پر کام کرتا تھا۔ ابھی ایک ماہ قبل وہ اپنی بیوی عالیہ (35) اور دو بیٹوں کو لے کر آیا تھا۔ جمعرات کی رات دیر گئے سراج اور عالیہ کے درمیان گرما گرم بحث ہوئی۔ بحث کی وجہ سراج کا اپنی بیوی پر شک بتایا جا رہا ہے۔ بات اتنی بڑھ گئی کہ دونوں کے درمیان ہاتھا پائی ہو گئی۔ آج جمعہ کی صبح سراج نے عالیہ اور اپنے چھوٹے بیٹے کو گلا دبا کر قتل کر دیا۔ اس کے بعد اس نے گھر میں پنکھے سے لٹک کر خودکشی کرلی۔
سراج کے بڑے بیٹے نے یہ سارا واقعہ دیکھا اور وہ ڈر گیا۔ وہ بھاگ کر سراج کے دوستوں کے پاس گیا اور سارا ماجرا سنایا۔ اس کے دوستوں نے فوری طور پر پولیس کو واقعے کی اطلاع دی۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی۔ پولیس کا کہنا تھا کہ دونوں کی لاشیں پڑی ہوئی تھیں اور سراج کی لاش پنکھے سے لٹکی ہوئی ملی۔ اس کے ساتھ ہی پولیس نے قریب سے ایک خودکشی نوٹ بھی برآمد کیا ہے، جس میں اہم باتیں سامنے آئی ہیں۔