اردو

urdu

ETV Bharat / sports

ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024: پاکستان کو دلچسپ مقابلے میں امریکہ نے سپر اوور میں شکست دے دی - USA Defeated Pakistan in Super Over - USA DEFEATED PAKISTAN IN SUPER OVER

آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں پاکستان اور امریکہ کے بیچ شاندار مقابلہ کھیلا گیا۔ اس مقابلے میں ایسا لگا ہی نہیں امریکہ کی غیر تجربہ کار ٹیم تین بار کی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی فاتح پاکستانی ٹیم کے ساتھ کھیل رہی ہے۔ مقابلہ سُپر اوور تک گیا اور وہاں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

T20 World Cup 2024: USA defeated Pakistan in Super Over in an interesting match
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024: پاکستان کو دلچسپ مقابلے میں امریکہ نے سپر اوور میں شکست دے دی (تصویر: اے این آئی)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jun 7, 2024, 6:41 AM IST

Updated : Jun 7, 2024, 6:55 AM IST

نیویارک: آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں امریکہ نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر بڑی کامیابی اپنے نام کر لی ہے۔ ایونٹ میں یہ امریکہ کی لگاتار دوسری کامیابی ہے۔

مقابلہ کافی دلچسپ رہا، امریکہ نے سپر اوور میں پاکستان کو جیت کیلئے 19 رنز کا ہدف دیا، لیکن پاکستان صرف 13 رنز ہی بناسکی۔ امریکہ کے ڈیلس میں گروپ اے کے مقابلے میں امریکہ نے ٹاس جیت کر گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ امریکی کپتان مونانک پٹیل نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی۔

کپتان بابر اعظم نے 44 اور شاداب نے 40 رنز بنا کر اچھے کھیل کا مظاہرہ کیا۔ پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز بنائے۔

امریکہ کو میچ جیتنے کے لیے آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے، امریکی بلے باز نتیش کمار نے حارث رؤف کی گیند پر چوکا مارا اور میچ برابر کر دیا۔ امریکہ کے خلاف پاکستان کو ابتدا ہی میں مشکلات درپیش آئیں، پاکستانی ٹیم کے 3 ٹاپ آرڈر کے بلے باز پاورر پلے میں 26 رنز کے مجموعی اسکور پر آؤٹ ہو گئے۔

محمد رضوان صرف 9 رن، عثمان خان 3 رن اور فخر زمان 11 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جبکہ شاداب نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 40 رنز بنائے۔ اعظم خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔

شاداب کے علاوہ بابر اعظم نے اچھی بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 43 گیندوں پر 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے، جبکہ افتخار احمد 18 رنز ہی بناسکے۔ آخری اوورز میں شاہین آفریدی نے ٹیم کے اسکور کو بڑھانے میں مدد کی۔ انھوں نے 16 گیندوں پر 23 رنز بنائے اور ناٹ آوٹ رہے۔ امریکہ کی جانب سے نوتوش کینجی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، سوراب نے 2 ، علی خان نے ایک وکٹ لی۔

پاکستان کے 160 رنز کے ہدف کے جواب میں امریکہ نے پر اعتماد بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسکور کو آگے بڑھایا۔ کپتان مونانک پٹیل نے 50 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ اندیس گوس نے 35 رنز بنائے۔

111 کے مجموعی اسکور پر 3 وکٹیں گرنے کے بعد ارون جونس اور نتیش کمار میچ کو آخری اوور تک لے گئے، امریکہ کو آخری گیند پر 5 رنز درکار تھے۔

نتیش کمار نے حارث رؤف کی گیند پر چوکا لگا کر میچ برابر کردیا اور میچ کا فیصلہ سپر اوور میں ہوا۔ سپر اوور میں امریکہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 18 رنز اسکور کیے اور پاکستان کو 19 رنز کا ہدف دیا۔

جواب میں پاکستان کی جانب سے افتخار احمد اور فخر زمان کریز پر اترے لیکن اپنی ٹیم کے وقار کو نہیں بچا سکے۔ پاکستان 19 رنز کے تعاقب میں ایک وکٹ پر 13 رنز بناسکا اور امریکہ کے ہاتھوں شکست کھا گیا۔

یہ امریکہ کی رواں ورلڈکپ میں دوسری کامیابی ہے، اس سے قبل وہ کینیڈا کو ہرا چکا ہے۔ دو مقابلے جیتنے کے بعد امریکہ گروپ اے میں 4 پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پوزیشن پر آگیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:

Last Updated : Jun 7, 2024, 6:55 AM IST

ABOUT THE AUTHOR

...view details