میلبورن: یہ ثابت کرتے ہوئے کہ عمر صرف ایک عدد ہے، ہندوستان کے سب سے عمر رسیدہ کھلاڑی روہن بوپنا نے اپنے ساتھی آسٹریلیا کے میتھیو ایبڈن کے ساتھ مل کر اٹلی کے سیمون بولیلی اور اینڈریا واواسوری کو 7(7)-6(0)، 7-5 سے شکست دے کر آسٹریلین اوپن 2024 مینز ڈبلز ٹائٹل کا خطاب اپنے نام کیا۔
میلبورن پارک کے راڈ لیور ایرینا میں کھیلا گیا یہ میچ آسٹریلین اوپن کا یادگار میچ بن گیا جب 43 سال 9 ماہ کی عمر میں روہن بوپنا ٹینس کے اوپن دور میں گرینڈ سلیم ٹائٹل جیتنے والے سب سے معمر کھلاڑی بن گئے۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹینس کھلاڑی نے ہالینڈ کے جین جولین راجر کا سابقہ ریکارڈ توڑ دیا ہے۔وہ 40 سال اور نو ماہ کے تھے جب انہوں نے ایل سلواڈور کے مارسیلو آریالو کے ساتھ 2022 کا فرنچ اوپن جیتنے کے لیے شراکت کی تھی۔
بوپنا کے ہم وطن لیانڈر پیس گرینڈ سلیم چیمپئن بننے والے سب سے زیادہ عمر کے ہندوستانی کھلاڑی تھے، جب انہوں نے 40 سال اور دو ماہ کی عمر میں جمہوریہ چیک کے ریڈیک اسٹیپانیک کے ساتھ 2013 کا یو ایس اوپن جیتا تھا۔