نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعرات کو یہاں اپنی رہائش گاہ پر ہندوستان کے پیرا اولمپئینز سے ملاقات کی اور حال ہی میں ختم ہونے والے پیرس گیمز میں ریکارڈ 29 تمغے جیتنے پر انہیں مبارکباد دی۔
وزارت کھیل کی طرف سے شیئر کی گئی 43 سیکنڈ کی ویڈیو میں وزیر اعظم کو پیرالمپئن میڈل جیتنے والوں کو مبارکباد دیتے اور بات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ اس بات چیت کے دوران وزیر کھیل منسکھ منڈاویہ اور پیرا اولمپک کمیٹی آف انڈیا (PCI) کے سربراہ دیویندر جھاڑیا بھی موجود تھے۔
شوٹر اونی لیکھارا، جس نے خواتین کے 10 میٹر ایئر رائفل (SH1) ایونٹ میں اپنا لگاتار دوسرا پیرا اولمپک گولڈ میڈل جیتا، اور بصارت سے محروم جوڈو کھلاڑی کپل پرمار، جو پیرالمپکس میں تمغہ جیتنے والے ہندوستان کے پہلے جوڈو کھلاڑی ہیں، ان لوگوں میں شامل تھے جنہیں وزیراعظم کے ساتھ تصویر کھنچواتے ہوئے دیکھا گیا۔