حیدرآباد: سینٹ لوشیا کی جولین الفریڈ نے پیرس اولمپکس میں شاندار فتح حاصل کرکے تاریخ رقم کر دی ہے۔ انھوں نے خواتین کے 100 میٹر ریس کے مقابلے میں امریکہ کی کیری رچرڈسن کو 10.72 سیکنڈ میں شکست دے کر طلائی کا تمغہ حاصل کیا، جس کے ساتھ ہی وہ سینٹ لوشیا کو کھیلوں کی تاریخ میں پہلا اولمپک تمغہ دلانے میں کامیاب ہوگئیں۔
جمیکا کی لیجنڈری خاتون شیلی این فریزر کے انجری کی وجہ سے سیمی فائنل سے دستبردار ہونے کے بعد 2004 کے بعد پہلی بار خواتین کے 100 میٹر ایونٹ میں اولمپکس کو نیا چیمپئن ملا ہے۔ جولین الفریڈ نے یہ جیت اپنے مرحوم والد کے نام کی، جن کا 11 سال قبل انتقال ہوگیا۔
سینٹ لوشیا کی جولین الفریڈ نے کامیابی حاصل کرنے کے بعد کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ میرے کوچ اور میرے والد کو یہ یقین تھا کہ میں یہ کر سکتی ہوں، وہ 2013 میں انتقال کر گئے اور اب وہ میرے کیریئر کی سب سے بڑے کامیابی میں میرے ساتھ نہیں ہوں گے۔ لیکن وہ ہمیشہ اپنی بیٹی کے اولمپیئن ہونے پر فخر محسوس کریں گے۔