حیدرآباد: بھارت کے اسٹار جیولن تھرور نیرج چوپڑا ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں صرف 1 سینٹی میٹر سے خطاب جیتنے سے محروم ہوگئے تھے۔ نیرج نے 87.86 میٹر کی بہترین تھرو کے ساتھ دوسرا مقام حاصل کیا تھا جبکہ اینڈرسن پیٹرز نے 87.87 کے بہترین تھرو ساتھ پہلے مقام پر رہے۔
ڈائمنڈ لیگ کے فائنل میں دوسرے نمبر پر آنے کے بعد نیرج چوپڑا نے سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ انھوں نے بائیں ہاتھ میں فریکچر کے ساتھ ڈائمنڈ لیگ میں حصہ لیا تھا۔ چوپڑا نے اپنی پوسٹ میں لکھا، 'جیسے ہی 2024 کا سیزن ختم ہو رہا ہے، میں سال بھر میں سیکھی گئی بہترین چیزوں اور اپنی ناکامیوں پر نظر ڈالتا ہوں۔
انھوں نے آگے لکھا کہ میں نے مشق کے دوران خود کو زخمی کر دیا اور ایکسرے سے پتہ چلا کہ میرے بائیں ہاتھ میں چوتھے میٹا کارپل میں فریکچر ہے۔ یہ میرے لیے ایک اور تکلیف دہ چیلنج تھا۔ لیکن اپنی ٹیم کی مدد سے میں ڈائمنڈ لیگ میں شرکت کرنے میں کامیاب رہا۔