لکھنئو: کرکٹر مشیر خان جمعہ کی رات اعظم گڑھ سے لکھئنو جاتے وقت سڑک حادثے کا شکار ہوگئے۔ جس میں وہ شدید طور سے زخمی ہوگئے اور ان کے گردن پر بھی شدید چوٹیں آئیں ہیں۔ اس دوران ان کے والد بھی ان کے ساتھ گاڑی میں موجود تھے۔
مشیر کے بھائی سرفراز خان اس وقت کانپور ٹیسٹ کے لیے بھارتی کرکٹ ٹیم کے ساتھ موجود ہیں۔ جہاں بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلا جا رہا ہے۔
ممبئی کرکٹ ایسوسی ایشن (ایم سی اے) کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے، '19 سالہ ٹاپ آرڈر بلے باز اور بائیں ہاتھ کے اسپنر مشیر خان 27 ستمبر 2024 بروز جمعہ اپنے خاندان کے ساتھ اعظم گڑھ سے لکھنؤ جاتے ہوئے سڑک حادثے کا شکار ہو گئے۔ وہ یکم سے 5 اکتوبر 2024 تک ہونے والے آئندہ ایرانی کپ میں شرکت کے لیے لکھنؤ جا رہے تھے۔
مشیر فی الحال لکھنؤ کے ایک اسپتال میں داخل ہیں، جہاں ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ ہوش میں بھی ہیں۔ اس کی گردن میں فریکچر ہوا ہے، جس کی وجہ سے سخت نگرانی میں رکھا گیا ہے۔