لکھنؤ: کوئنٹن ڈی کاک (54)، نکولس پورن (42) اور کرونل پانڈیا (ناٹ آؤٹ 43) کے بعد مینک یادو (27 رن پر تین وکٹ) اور محسن خان (34 رن پر دو وکٹ) کی شاندار گیند بازی کی بدولت لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) نے ٹاٹا انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) میں پنجاب کنگز کو 21رنز سے شکست دے کر موجودہ سیزن میں اپنی جیت کا کھاتہ کھولا۔
دہلی کے 21 سالہ مینک یادو نے اپنے آئی پی ایل ڈیبیو کی طوفانی شروعات کی اور 155.8 رن فی اوور کی طوفانی گیند پھینک کر بھارتی قومی ٹیم کے سلیکٹرز کو تیز گیند باز کی تلاش مکمل کرنے میں مدد کی۔
ایل ایس جی نے اپنے ہوم گراؤنڈ ایکانا اسٹیڈیم میں ٹاس جیت کر پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 199 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا، جس کے جواب میں پنجاب کی ٹیم پانچ وکٹوں پر 178 رنز ہی بنا سکی۔ کپتان شیکھر دھون (70) اور جونی برسٹو (42) نے دس اوور کے کھیل میں بغیر وکٹ کھوئے 98 رنز جوڑے تھے، اس صورت حال میں پنجاب میچ میں برتری حاصل کرتا دکھائی دے رہا تھا لیکن اننگز کے 11ویں اوور میں روی وشنوئی نے محض تین رن دے کر ایک وکٹ لے کر میچ کا رخ بدل دیا جبکہ بچی کھچی کسر محسن خان نے شیکھر دھون اور سیم کرن کے وکٹ لے کر پوری کردی۔
بیرسٹو اس وقت یادو کا پہلا شکار بنے جب 12ویں اوور میں 143 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے گیند کو شارٹ آف لینتھ پل کرنے کی کوشش کرتے ہوئے بیرسٹو ڈیپ مڈ وکٹ پر کھڑے فیلڈر کو آسان کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔ وہیں پربھسمرن سنگھ (19) کو یادو نے 147 کی رفتار سے گیند پھینکی اور وہ بیک فٹ پر جاکر شاٹ لگانے کی کوشش کرنے پر مڈ آن فیلڈر کو آسان کیچ دے بیٹھے۔
جیتیش شرما (6) کو یادو نے 142 کی رفتار سے گیند کو وکٹ پر ٹکنے سے پہلے ہی چلتا کیا اور ٹیم کا اسکور تین وکٹ پر 139 رنز ہو گیا۔ ایک سرے پر تھکے ہوئے نظر آنے والے شیکھر دھون اس وقت محسن خان کا شکار بن گئے جب وہ ایک سست رفتار شارٹ پچ گیند کو کھینچنے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ شیکھر دھون نے 50 گیندوں پر اپنی اننگز کے دوران سات چوکے اور تین چھکے لگائے۔