نئی دہلی: ٹیسٹ کرکٹ کو سب سے لمبے فارمیٹس والا کھیل قرار دیا جاتا ہے کیونکہ اس فارمیٹ میں کھیل کا نتیجہ پانچ دن کے بعد آتا ہے اور اس میں بلے بازوں کو اپنا وقت نکالنے، آرام سے کھیلنے، بڑی اور لمبی شراکتیں بنانے کا پورا موقع ملتا ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کچھ ایسی ہی پارٹنرشپ ہوئی ہیں، جو ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی اور طویل پارٹنرشپ ہیں، آج ہم کو ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین شراکت کے بارے میں بتانے جا رہے ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ کی سب سے بڑی پانچ پارٹنرشپ
کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے:
ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ سابق سری لنکن کرکٹرز کمار سنگاکارا اور مہیلا جے وردھنے کے نام ہے۔ ان دونوں نے 2006 میں جنوبی افریقہ کے خلاف کولمبو میں کھیلے گئے ٹیسٹ میچ میں 624 رنز کی ریکارڈ پارٹنرشپ بنائی تھی جو عالمی کرکٹ کی سب سے طویل شراکت ہے۔ یہ شراکت تیسری وکٹ کے لیے تھی۔ اس شراکت میں جے وردھنے نے 374 اور سنگاکارا نے 287 رنز بنائے تھے۔ اس میچ میں سری لنکا کو اننگز اور 153 رنز سے بڑی فتح ملی تھی۔
سنتھ جے سوریا اور روشن مہاناما:
ٹیسٹ کرکٹ میں دوسری سب سے بڑی شراکت کا ریکارڈ بھی سری لنکن کرکٹ ٹیم کے سابق کرکٹرز سنتھ جے سوریا اور روشن مہاناما کے نام ہے۔ دونوں نے 1997 میں بھارت کے خلاف کولمبو ٹیسٹ میں دوسری وکٹ کے لیے 576 رنز کی شراکت داری کی تھی۔ اس دوران جے سوریا نے 340 اور روشن نے 225 رنز بنائے۔ اس میچ میں سری لنکا نے کل 952 رنز کا ریکارڈ بنایا تھا۔