دھرم شالا: بھارتی ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف دھرم شالہ میں کھیلے جا رہے پانچویں ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن انگلینڈ کو اننگز اور 64 رنز سے شکست دے دی ہے۔ بھارتی ٹیم کے اسٹار اسپنر روی چندرن اشون نے اس جیت میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے دوسری اننگز میں 5 وکٹیں لے کر انگلینڈ کی کمر توڑ دی۔ اس میچ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جہاں انگلینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 218 رنز پر سمٹ گئی۔
بھارت نے پہلی اننگز میں 477 رنز بنائے اور انگلینڈ پر 259 رنز کی برتری حاصل کی۔ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 195 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی اور ٹیم انڈیا نے یہ میچ اننگز اور 64 رنز سے جیت لیا۔ دھرم شالہ ٹیسٹ میں اس شاندار فتح کے ساتھ ہی بھارت نے روہت شرما کی کپتانی میں انگلینڈ کو 4-1 سے شکست دی ہے۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز:
انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 57.4 اوور میں 218 رنز پر 10 وکٹیں گنوا دیں۔ پہلی اننگز میں صرف جیک کراؤلی ہی نصف سنچری اسکور کر سکے۔ انہوں نے 108 گیندوں پر 11 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 79 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بلے باز 30 رنز بھی نہ بنا سکا۔ اس اننگز میں بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے 5 اور روی چندرن اشون نے 4 وکٹیں حاصل کیں۔