دھرم شالہ: کلدیپ یادو اور آر اشون کی شانداری گیندبازی کے بعد یشسوی جیسوال اور کپتان روہت شرما کی شاندار نصف سنچری اننگز کی مدد سے بھارت نے پانچویں ٹیسٹ میچ کے پہلے دن ایک وکٹ پر 135 رن بنا کر میچ پر اپنی پوزیشن مضبوط کرلی۔
بھارتی اوپنر یشسوی جیسوال نے تیزی سے رنز بنائے اور کپتان روہت شرما کے ساتھ پہلی وکٹ کے لیے 104 رنز جوڑے۔ جیسوال نے 58 گیندوں میں 57 رنز بنائے۔ انہیں اسپنر شعیب بشیر نے آؤٹ کیا۔ آج کے کھیل کے اختتام پر کپتان روہت شرما 52 رنز اور شبھمن گل 26 رنز پر کریز پر موجود تھے۔ ہندوستان اس وقت انگلینڈ سے 83 رنز پیچھے ہے۔
اس سے قبل بھارتی گیند بازوں نے مہلک گیند بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کو 218 کے اسکور پر آل آؤٹ کردیا تھا۔ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔
بین ڈکٹ اور جیک کرولی کی اوپننگ جوڑی نے عمدہ آغاز کیا اور پہلی وکٹ کے لیے 64 رنز کی شراکت قائم کی۔ بین ڈکٹ 27 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ کلدیپ نے انہیں گل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کرایا۔ اس کے بعد کلدیپ نے لنچ سے قبل اولی پوپ کو 11 رنز پر آؤٹ کرکے بھارت کو دوسری کامیابی دلائی۔
کلدیپ نے 38ویں اوور میں جیک کرولی کو 79 رنز پر بولڈ کرکے انگلینڈ کی بڑے اسکور کی امیدوں کو جھٹکا دیا۔ رویندرا جڈیجہ نے جو روٹ کو 26 رنز پر ایل بی ڈبلیو کر کے پویلین بھیج دیا۔
جونی بیرسٹو 29 رنز پر کلدیپ کا شکار بنے جس کے بعد کپتان بین اسٹوکس کو کلدیپ نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کردیا۔ ٹام ہارٹلے 6 رنز اور مارک ووڈ 0 رنز بنا کر آر اشون کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔