وشاکھاپٹنم: بھارت اور انگلینڈ کے درمیان وشاکھاپٹنم میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم انڈیا نے انگلینڈ کو 106 رنز سے شکست دے دی ہے۔ اس میچ میں بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 399 رنز کا بڑا ہدف دیا تھا جس کا تعاقب کرتے ہوئے انگلینڈ کی پوری ٹیم 292 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور بھارت نے یہ میچ 106 رنز سے جیت لیا۔
بھارت کی اس جیت کے ہیرو جسپریت بمراہ رہے۔ انہوں نے دونوں اننگز میں مجموعی طور پر 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ یشسوی جیسوال نے اس میچ میں ڈبل سنچری بنائی جبکہ شبمن گل نے سنچری اسکور کی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے 5 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی ہے۔
ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن انگلینڈ کے لیے جیک کرولی (29) اور ریحان احمد (9) رنز کے ساتھ کریز پر آئے۔ دونوں نے ٹیم کے اسکور کو 95 رنز تک پہنچایا جب ریحان احمد کو 23 رنز کے اسکور پر اکشر پٹیل نے پویلین کی راہ دکھائی۔ اس کے بعد کریز پر آئے اولی پوپ 23 رنز بنانے کے بعد ایشون کا شکار بن گئے اور پھر ایشون نے جو روٹ کو بھی 16 رنز کے ذاتی اسکور پر آؤٹ کر دیا۔
انگلینڈ کے جیک کرولی نے شاندار نصف سنچری اسکور کی۔ انہوں نے 132 گیندوں پر 8 چوکوں اور 1 چھکے کی مدد سے 73 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز کو کلدیپ یادو نے ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے ختم کیا۔ پہلے سیشن کے اختتام سے قبل جسپریت بمراہ نے 26 رنز بنانے کے بعد جونی بیرسٹو کو آؤٹ کیا۔