موہالی:143 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گجرات ٹائٹنز کی شروعات اچھی نہیں رہی اور اس نے چوتھے اوور میں ردھیمان ساہا (13) کا وکٹ گنوا دیا۔ اس کے بعد کپتان شبھمن گل اور سائی سدرشن نے اننگ کو سنبھالا۔ گل نے 29 گیندوں میں پانچ چوکوں کی مدد سے 35 رنز بنائے۔ سائی سدرشن نے تین چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے۔ ڈیوڈ ملر (4)، عظمت اللہ عمرزئی (13)، شاہ رخ خان (8)، راشد خان (3) رنز بناکرآؤٹ ہوئے۔ راہل تیوتیا نے 18 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنز بنائے۔ گجرات نے 19.1 اوور میں سات وکٹ پر 146 رنز بناکر میچ تین وکٹ سے جیت لیا۔
پنجاب کنگز کی طرف سے ہرشل پٹیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ لیام لیونگسٹن نے دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ ارشدیپ سنگھ اور سیم کرن کو ایک ایک وکٹ ملا۔اس سے قبل پربھسمرن سنگھ (35) اور ہرپریت براڑ (29) کی اننگز کی بدولت پنجاب کنگز نے گجرات ٹائٹنز کو جیت کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا۔
آج یہاں مہاراج یادوندرا سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں پنجاب کنگز کے کپتان سیم کرن نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ پنجاب کے کپتان سیم کرن اور پربھسمرن سنگھ کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کی اور پہلے وکٹ کے لیے 52 رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں موہت نے پربھسمرن سنگھ کو آؤٹ کیا۔