اگرتلہ:کرکٹر میانک اگروال کی طبیعت منگل کی شام اس وقت خراب ہوگئی۔ اگروال نے اگرتلہ سے دہلی کے راستے سورت کی فلائٹ لی تھی۔ جہاز میں سوار ہوتے ہی ان کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔ انڈیگو فلائٹ میں سوار ہونے کے بعد، اگروال نے پانی سمجھ کر بوتل سے کچھ لکویڈ پی لیا تھا۔ جس کے بعد انہیں پیٹ میں درد ہونے لگا۔ اس کے ساتھ اس نے منہ اور گلے میں جلن کی شکایت کی۔ طیارے میں انہیں الٹی بھی ہوگئی جس کے بعد انہیں اگرتلہ کے آئی ایل ایس اسپتال میں داخل کرانا پڑا۔
کرناٹک کو جمعہ کو سورت میں ریلوے کے خلاف کھیلنا ہے۔ تاہم باقی کرناٹک کی ٹیم کو سورت روانہ کر دیا گیا۔اگروال کی صحت کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے آئی ایل ایس اسپتال نے کہا کہ ان کی حالت فی الحال مستحکم ہے اور وہ طبی نگرانی میں ہیں۔ اسپتال نے کہا کہ اگروال کو منہ میں جلن اور ہونٹوں پر سوجن محسوس ہو رہی تھی۔ وہ اگلے 24 گھنٹوں تک ڈاکٹروں کی نگرانی میں رہیں گے۔