حیدرآباد: کسی بھی عالمی کپ میں بھارت اور پاکستان کے مقابلے کی کرکٹ شائقین شدت سے انتظار کرتے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک پاکستان اور بھارت کے درمیان کل 7 میچز ہوچکے ہیں جس میں بھارت نے 5 میچ جیتے ہیں جب کہ پاکستانی ٹیم ایک میچ جیتنے میں کامیاب رہی ہے۔ 2021 کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں جب بھارت اور پاکستان کے درمیان میچ ہوا تھا تو پاکستان نے بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی۔اس مقابلے میں بابر اعظم اور محمد رضوان نے عمدہ بلے بازی کرکے ٹیم کو جیت دلائی تھی اور آخر تک ناٹ آؤٹ رہے تھے۔اس کے علاوہ 2022 میں بھارت نے ایک بار پھر پاکستان پر برتری حاصل کی اور 4 وکٹوں سے جیتنے میں کامیاب رہا۔واضح رہے کہ سال 2007 میں دونوں ٹیموں کے درمیان ایک مقابلہ ٹائی ہوا تھا جس کا فیصلہ بال آؤٹ سے کیا گیا تھا۔جس میں پاکستان کا ایک بھی گیندباز نشانہ اسٹمپ پر نہیں لگ سکا تھا۔
رواں ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں سب کی نظریں مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی اور پاکستانی کپتان بلے بازی کی جان بابر اعظم پر ہوں گی۔ اس وقت عالمی کرکٹ میں کوہلی اور بابر مسلسل سرخیوں میں ہیں۔کبھی دونوں بلے بازوں کے کور ڈرائیو پر بحث ہوتی ہے تو کبھی اسٹرائک ریٹ پر۔ شائقین دونوں بلے بازوں کو عالمی کرکٹ کے بہترین بلے باز مانتے ہیں۔ ایسے میں ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے میچ کے دوران سب کی نظریں یقینی طور پر کوہلی اور بابر پر ہوں گی۔
شائقین ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں ویرات کوہلی کے ریکارڈ پر ایک نظر
ویرات کوہلی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ہیں۔ کوہلی نے 2012 سے 2022 کے درمیان ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں کل 27 میچ کھیلے ہیں جس میں انہوں نے 25 اننگز میں بلے بازی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 1141 رنز بنائے ہیں۔ کوہلی نے اب تک کل 14 نصف سنچریاں اپنے نام کر رکھی ہیں۔
ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بابر اعظم کا ریکارڈ کیسا ہے؟
پاکستان کے کپتان بابر اعظم نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اب تک کل 13 میچز کھیلے ہیں۔ بابر نے 2021 سے 2022 کے درمیان کل 13 میچ کھیل کر 427 رنز بنائے ہیں۔ بابر کے نام ٹی ٹیوئنٹی ورلڈ کپ میں پانچ نصف سنچریاں ہیں۔ بابر پاکستان ٹیم کے بہت اہم بلے باز ہیں۔ اس بار بھی وہ کپتان ہیں۔ ایسے میں ان کے کندھوں پر بہت بڑی ذمہ داری ہے۔ پاکستان کی بلے بازی بابر اعظم کے ارد گرد گھومتی ہے۔