پیرس: امریکی جمناسٹ جارڈن چلیز پیرس اولمپکس میں خواتین کے ایکسرسائز میں اپنا کانسے کا تمغہ کھو بیٹھی ہیں جب کھیل کی ثالثی عدالت نے ہفتے کے روز اپنے فیصلے کا اعلان کیا تھا۔ کورٹ آف آربٹریشن فار اسپورٹ (CAS) نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ججنگ پینل نے غلط طریقے سے انکوائری کی اجازت دی تھی جس کی وجہ سے وہ پانچویں نمبر پر پہنچ گئیں۔
سی اے ایس کے فیصلے کے بعد 18 سالہ رومانیہ کی اینا باربوسو کو ہفتہ کو انٹرنیشنل جمناسٹک فیڈریشن (ایف آئی جی) نے میڈل سے نوازا۔ رومانیہ کی جمناسٹک فیڈریشن اور جمناسٹس باربوسو اور سبرینا مانیکا ووینی کی طرف سے سی اے ایس میں درخواست دائر کی تھی۔
جمناسٹک مقابلوں کے دوران اس طرح کی اسکورنگ انکوائریاں باقاعدگی سے درج کی جاتی ہیں، کچھ کو مسترد کر دیا جاتا ہے اور کچھ کو برقرار رکھا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں اسکور میں تبدیلی بھئ آتی ہے۔ رومانیہ کے وزیر اعظم مارسیل سیولاکو نے اسے ایک افسوسناک صورتحال قرار دیا اور کہا کہ وہ اولمپک کی اختتامی تقریب کا بائیکاٹ کریں گے۔
یو ایس اے جمناسٹکس اور امریکہ کی اولمپک اور پیرا اولمپک کمیٹی نے ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس فیصلے سے خوش نہیں ہیں۔