نئی دہلی: آئی پی ایل 2025 کی میگا نیلامی 24 اور 25 نومبر کو جدہ، سعودی عرب میں ہوئی۔ آئی پی ایل میگا نیلامی میں ملک اور دنیا بھر سے کھلاڑیوں کی بولی لگائی گئی۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے ہندوستانی وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت کو 27 کروڑ میں خریدا۔ اس کے ساتھ ہی پنت آئی پی ایل کی تاریخ کے سب سے مہنگے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔
اس نیلامی میں بنگلہ دیش کے کھلاڑیوں کو مایوسی ہوئی۔نیلامی میں بنگلہ دیش کا ایک بھی کھلاڑی نہیں خریدا گیا۔ نیلامی میں کل 10 ٹیموں نے 639.15 کروڑ روپے خرچ کیے لیکن بنگلہ دیش کے کسی کھلاڑی پر کسی نے ایک روپیہ بھی خرچ نہیں کیا۔ اس پوری نیلامی میں کل 182 کھلاڑی خریدے گئے جن میں بنگلہ دیش کا ایک بھی کھلاڑی شامل نہیں تھا۔
فرنچائزز نے بنگلہ دیشی کھلاڑیوں پر بولی نہیں لگائی
آپ کو بتاتے چلیں کہ بنگلہ دیش کے 12 کھلاڑیوں کو نیلامی کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا تھا۔ ان میں سے صرف 2 کھلاڑیوں کے نام نیلامی میں آئے جن پر بولی لگائی جانی تھی لیکن بنگلہ دیش کے ان کھلاڑیوں پر کسی بھی فرنچائز نے بولی نہیں لگائی۔ اس کے ساتھ ہی بنگلہ دیش سے آئی پی ایل 2025 کے لیے کوئی کھلاڑی نہیں خریدا گیا۔ ایسے میں پاکستان کے بعد بنگلہ دیش کا کوئی کھلاڑی بھی آئی پی ایل 2025 میں نہیں کھیلے گا۔