پلوامہ:محکمہ آیوش، جموں و کشمیر نے ہفتہ کو آٹھویں عالمی یونانی دن کے موقع پر جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں ایک تقریب کا اہتمام کیا جس میں آیوش دن کے حوالے سے مقامی صحافیوں کے ساتھ خصوصی گفت و شنید کی گئی۔ یاد رہے کہ عالمی یونانی دن ہر سال معروف یونانی اسکالر حکیم اجمل خان کے یوم پیدائش کی یاد میں منایا جاتا ہے، حکیم اجمل خان کو یونانی طب کے علمبردار کے طور پر جانا جاتا ہے۔ اس روز مختلف شہروں اور دیہات میں محکمہ آیوش کی جانب سے تقاریب کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
پلوامہ میں منعقدہ پروگرام کے انعقاد سے متعلق منتظمین نے کہا کہ ’’اس دن کے منانے کا اصل اور بنیادی مقصد صحت عامہ کی دیکھ بھال کی فراہمی کے نظام میں یونانی ادویات کے استعمال کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کرنا ہے۔‘‘ محکمہ آیوش کے نوڈل آفیسر برائے پلوامہ، ڈاکٹر مشتاق احمد راتھر کی نگرانی میں منعقدہ ورلڈ یونانی ڈے کے موقع پر ضلع بھر میں صحافت سے وابستہ لوگوں کے لیے ایک خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کے دوران نوڈل آفیسر کے علاوہ محکمہ کے دیگر سینئر ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔