پلوامہ (جموں کشمیر) :وادی بھر میں کئی روز تک بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد بدھ کو دھوپ کھلنے کے ساتھ ہی کسانوں نے میوہ باغات میں جراثیم کُش ادویات چھڑکنے کا سلسلہ شروع کر دیا۔ کسانوں کا ماننا ہے کہ وادی میں اس وقت سیب کے باغات میں شگوفے کھلے ہوئے ہیں جنہیں مسلسل بارشوں کی وجہ سے مختلف بیماریاں لگنے کا احتمال رہتا ہے۔
کسانوں نے بتایا کہ محکمہ باغبانی نے میوہ جات کو محفوظ رکھنے اور ان بیماریوں سے لڑنے کے لئے کسانوں کو مختلف ادویات چھڑکنے کا مشورہ دیا ہے۔ جس کے بعد پلوامہ ضلع میں کسان اپنے باغات میں ادویات چھڑکنے میں مصروف نظر آئے۔ پلوامہ ضلع کے کسانوں نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل بارشوں کی وجہ سے میوہ جات میں مختلف اقسام کی بیماریوں کا احتمال رہتا ہے جس سے فصلوں کی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔